ملک میں سونا دوسرے روز بھی مزید مہنگا، نئی قیمت 4 لاکھ 16 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی

ملک میں آج سونے کی قیمت میں ایک ہزار500 روپے کا اضافہ ہوا، پچھلے ایک ماہ میں سونا 53 ہزار روپے سے زائد مہنگا ریکارڈ کیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 7 اکتوبر 2025 19:18

ملک میں سونا دوسرے روز بھی مزید مہنگا، نئی قیمت 4 لاکھ 16 ہزار سے بھی ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 07 اکتوبر 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ بڑے اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دو روز میں سونے کی قیمت میں6 ہزار 900 روپے اضافہ ہوا۔ آج ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا ایک ہزار500 روپے مہنگا ہوا ہے، جس کے باعث فی تولہ سونے کی نئی قیمت بڑھ کر 4 لاکھ 16 ہزار 778 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 286 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ نئی قیمت 3 لاکھ 57 ہزار 319 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

یاد رہے ایک ماہ قبل 24 قیراط سونے کی قیمت تقریباً 3 لاکھ 59 ہزار روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی۔ لیکن پچھلے ایک ماہ میں سونے کے نرخوں میں 53 ہزار روپے سے زائد اضافہ دیکھا گیا۔ اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 15 ڈالر مہنگا ہوا جس کے بعد فی اونس کی قیمت 3955 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ دوسری جانب پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 04 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 281 روپے 21 پیسے ہو گئی ہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 74 روپے 97 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 745 روپے 98 پیسے رہی۔اسی طرح اومانی ریال کی انٹربینک مارکیٹ میں قدر 730 روپے 40 پیسے رہی، کویتی دینار کی قدر 918 روپے 37 پیسے اور قطری ریال کی قدر 77 روپے 15 پیسے ریکارڈ کی گئی۔ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 282 روپے 60 پیسے اور قیمت فروخت 282 روپے 70 پیسے ریکارڈ کی گئی۔