ان دماغوں کی بھی صفائی کررہی ہوں جو پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں، مریم نواز

تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولتیں عوام کا حق ہیں، اگر روزگار، اچھی سواری، اسکالرشپس نہیں ملتیں تو اپنی حکومتوں سے سوال کریں، وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 7 اکتوبر 2025 19:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی بات میں نہیں کروں گی تو کون کرے گا اور اس وقت پنجاب میں صفائی اور ترقی کا انقلاب آچکا ہے ، صوبے سے نہ صرف جرائم کی صفائی کردی بلکہ ان دماغوں کی بھی صفائی کررہی ہوں جو پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں۔ستھرا پنجاب پروگرام کی تقریب سے خطاب کے دوران مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وردی پہن کر یہ پیغام دیا کہ آپ مجھ سے ہیں اور میں آپ سے ہوں۔

انہوںنے کہاکہ ستھرا پنجاب نے میرے خواب کو حقیقت میں بدل دیا اور صوبے کو نیا روپ دیا، ستھرا پنجاب میری ٹیم کا سب سے اہم حصہ ہے اور مجھے اس کے ہر ورکر اور ہیرو پر فخر ہے، آپ لوگوں نے گلی محلوں، شہروں اور قصبوں کو صاف کر کے سر فخر سے بلند کردیا۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے ماضی کی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت ختم ہونے کے بعد صفائی کا نظام بھی تباہ ہو گیا تھا، 4سالہ گوگی پنکی دور میں پاکستان نے بدترین حالات دیکھے، لاہور سمیت پنجاب کے شہروں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے تھے اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ میں ان دماغوں کی بھی صفائی کر رہی ہوں جو پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں، میں صوبے کی وزیراعلی ہوں اور اگر میں پنجاب کی بات نہیں کروں گی تو کون کرے گا۔انہوںنے کہاکہ میں چاہتی ہوں کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا بھی اسی طرح صاف اور ترقی یافتہ ہوں جیسے آج پنجاب ہے، پنجاب کے عوام کو حقوق کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ دیگر صوبوں کے عوام سہولتوں کے لیے اپنی حکومتوں سے سوال کریں، تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولتیں عوام کا حق ہیں، اگر روزگار، اچھی سواری، اسکالرشپس نہیں ملتیں تو اپنی حکومتوں سے سوال کریں۔