اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر، پاکستان نے افغانستان کیخلاف واک اوور کا مطالبہ کردیا

صرف3 پلیئرز اور 10 آفیشلز کو پاکستان کے ویزے جاری ہوئے ہیں ، افغانستان کا مطالبہ ہے میچ نیوٹرل مقام پر منتقل کیا جائے ،ذرائع

منگل 7 اکتوبر 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز میں افغانستان کے خلاف پاکستان فٹبال ٹیم کے ہوم میچ کا 9 اکتوبر کو انعقاد ناممکن ہوتا دکھائی دینے لگا ، افغانستان ٹیم کے مکمل اسکواڈ کو تاحال ویزے نہ مل سکے جس کے بعد دونوں فیڈریشنز نے اے ایف سی سے مختلف مطالبات کردیے۔اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان فٹبال میچ 9 اکتوبر کو شیڈولڈ تھا تاہم 7 اکتوبر کی شام تک افغانستان فٹبال ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہیں ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز افغانستان فٹبال ٹیم کے 10 پلیئرز اور تین فٹبالرز کو ویزے جاری ہوئے تھے، انہیں کابل میں سفارتخانے میں بائیو میٹرکس کرانے کے بعد ویزے جاری کردیے گئے تاہم افغانستان فٹبال ٹیم کے اکثر پلیئرز افغانستان سے باہر مقیم ہیں اور ان کو ویزے جاری نہیں ہوسکے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ویزوں کے معاملہ افغانستان فٹبال فیڈریشن کی غلطیوں کی وجہ سے خراب ہوا ہے ، افغانستان نے پہلے ویزہ درخواست تاخیر سے اور میچ سے صرف 11 روز قبل 27 ستمبر کو جمع کرائیں جبکہ اے ایف سی ریگیولیشن کے مطابق ویزہ درخواستیں کم از کم 30 روز قبل جمع کرانا ہوتی ہیں۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کو ویزا ریفرنس نمبر 2 اکتوبر کو موصول ہوا جس کے بعد پی ایف ایف نے متعلقہ حکومتی اداروں کو اپ ڈیٹ کردیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ تاخیری سے درخواست کو بھی ہینڈل کرلیا جاتا لیکن افغانستان نے تمام اسکواڈ ممبران کی درخواست پر بائیو میٹرک کیلئے افغانستان کا مقام درج کیا تھا حالانکہ ان کے اکثر پلیئر ملک سے باہر مقیم ہیں، اگر ہر پلیئر کی متعلقہ ایمبسی درج ہوتی تو معاملہ نہیں خراب ہوتا یہ ہی وجہ ہے کہ صرف کابل میں موجود اسکواڈ ممبران کو ویزے جاری ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فیڈریشنز معاملے پر اے ایف سی سے رابطے میں ہیں۔ افغانستان کا اصرار ہے کہ میچ کو نیوٹرل مقام پر منتقل کردیا جائے تاہم پاکستان فٹبال فیڈریشن میچ نیوٹرل وینیو پر شفٹ کرنے کے حق میں نہیں۔ذرائع کے مطابق پی ایف ایف نے اے ایف سی سے کہا ہے کہ صورتحال میں پی ایف ایف کی کوئی غلطی نہیں، نیوٹرل وینیو پر میچ شفٹ کرنا پی ایف ایف پر اضافی بوجھ ڈالنا ہوگا، غلطی افغانستان کی ہے اس لیے میچ کو منسوخ کرکے پاکستان کو واک اوور دیا جائِے، معاملہ پر حتمی فیصلہ اے ایف سی کرے گی۔

اے ایف سی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا کہ پاکستان کے ہوم میچ کو منسوخ کرنے کے بجائے اس کو مستقبل کی کسی ونڈو پر ری شیڈول کردیا جائِے تاہم معاملہ کی گیند اب اے ایف سی کے کورٹ میں ہے۔