آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے تحت لوکل گورنمنٹ سیکریٹریٹ کا چارگھنٹے تک گھیرائو،سیکریٹریٹ کے دروازے بندکردیئے گئے

ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سے مذاکرات،پینشنرزکیلیے سمری روانہ،آن لائن تنخواہوں کے عمل کو تیز کرنے،اوذیڈ ٹی میں اضافہ کیلیے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو سمری بھیجنے پر اتفاق،دھرنا ختم کردیا گیا

منگل 7 اکتوبر 2025 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کراچی ڈویڑن کے تحت بلدیاتی ملازمین کے دیرینہ مطالبات آن لائن ٹریڑری سے تنخواہوں کی ادائیگی ،اوذیڈٹی گرانٹ میں اضافے،ٹی ایم سیز کے ریٹائر ملازمین کی ماہانہ پینشن کے لیے فنڈز کی فراہمی،کراچی کے 2018 سیریٹائر دس ہزار ملازمین کو واجبات کی ادائیگی،سندھ حکومت کے اپ گریڈیشن،ٹائم اسکیل ،پرموشنز کے نوٹیفیکشن کا لوکل گورنمنٹ کے ملازمین پر اطلاق،کنٹریکٹ اساتذہ کی عدالتی حکم پر مستقلی کرنے،کم از کم تنخواہوں کا بلدیاتی ملازمین پر اطلاق کرنے،فوتگی کوٹے کے زیر التوا کیسز پر بھرتیاں کرنے،تنخواہوں کی ادائیگی پر منتخب نمائندوں کی جانب سے کٹوتی کرنے،ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس کی ادائیگی،ڈی آر اے الاونس کی ادائیگی سمیت اہم مسائل کے حل کیلیے لوکل گورنمنٹ سیکریٹریٹ کا چارگھنٹے تک گھیراؤ کیا اور زبردست نعرے بازی جاری رکھی۔

(جاری ہے)

اس دوران سندھ ایمپلائز الائنس کے چیئرمین محمد اشرف خاصخیلی،عبدالرشید چانڈیو،اقبال پنھور نے بھی احتجاج میں شریک ہوکر یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے بتایا کہ چیف سیکریٹری سے میٹنگ میں اوذیڈ ٹی میں اضافے پر بات چیت ہوئی ہے۔ چارگھنٹے کے احتجاج وگھیراو کے دوران سندھ سیکریٹریٹ کے ہوم ڈیپارٹمنٹ،لوکل گورنمنٹ ،ایجوکیشن،اریگریشن سمیت مختلف وزارتوں کے دفاتر میں آمدورفت متاثر ہوئی۔

اس دوران لوکل گورنمنٹ کے سیکریٹری کی عدم موجودگی کے باعث ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ عامر حسین،ڈپٹی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ،ڈپٹی سیکریٹری ایڈمن،سیکشن آفیسر v نے فیڈریشن و میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے صدر سیدذوالفقارشاہ ،رہنماوں اشرف اعوان، حبیب الرحمن، منظور تنولی،الیاس خان جدون پر مشتمل وفد سے مذاکرات کیے۔اور دیئے گئے مطالبات پر پر بات چیت کی گئی۔

جس میں بتایا گیا کہ فیڈریشن کی تحریری درخواست پر پیر کے روز ہی سمری فنانس ڈیپارٹمنٹ کو بھیج دی گئی ہے۔جبکہ اوذیڈ ٹی گرانٹ میں اضافیکیلیے بھی فنانس ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کیا جارہا ہے۔ ڈی اراے الاونس ،ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس,پینشنری واجبات کی ادائیگی،چیئرمینوں کی جانب سے تنخواہوں میں کٹوتی،سمیت تمام مسائل پر کاروائی کا آغاز کردیا گیا۔جلد تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔سمری کی روانگی اور دیگر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا گیا۔