یومِ استقامت پر قوم کے حوصلے، قربانی اور اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

بدھ 8 اکتوبر 2025 09:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کی تباہ کاریاں قوم آج تک نہیں بھولی۔یومِ استقامت پر قوم کے حوصلے، قربانی اور اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔قومی یومِ استقامت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ 8 اکتوبر کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قدرتی آفات کے سامنے جھکنے کے بجائے پاکستانی قوم نے صبر، ہمت اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اس المناک سانحے میں ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے، مگر قوم نے جس جذبے اور اتحاد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا، وہ ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ میں 8 اکتوبر کو جاں بحق ہونے والے تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، جن کی قربانیاں ہمیں انسانیت، خدمت اور ایثار کا درس دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریسکیو اداروں، افواجِ پاکستان، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی امدادی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے متاثرین کی مدد اور بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے جدید نظام، پیشگی تیاری اور فوری ردعمل کی صلاحیت کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔