امریکی کارساز کمپنی لوسِیڈ کا سعودی عرب میں ایک ہزار گاڑیاں تیار کرنے کا اعلان

بدھ 8 اکتوبر 2025 11:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) امریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی "لوسِیڈ گروپ" نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں اس نے 3891 گاڑیاں تیار کیں جبکہ مزید ایک ہزار سے زائد گاڑیاں سعودی عرب بھیجی گئیں تاکہ انہیں مملکت میں اسمبل کیا جا سکے۔ العربیہ کے مطابق اس دوران کمپنی نے مجموعی طور پر 4078 گاڑیاں صارفین کے حوالے کیں۔

رپورٹ کے مطابق جنوری سے ستمبر 2025 ءکے اختتام تک لوسِیڈ نے مجموعی طور پر 9966 گاڑیاں تیار کیں، اس میں وہ اضافی گاڑیاں شامل نہیں جو سعودی عرب بھیجی گئیں۔ اسی عرصے میں کمپنی نے 10496 گاڑیاں ترسیل کیں۔قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کا پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) لوسِیڈ کا سب سے بڑا شیئر ہولڈر ہے، جس کا حصہ تقریباً 60 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

لوسِیڈ نے جاری بیان میں کہا کہ رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں اس کی فروخت میں 46.6 فیصد اضافہ ہوا، جس کی بڑی وجہ امریکہ میں الیکٹرک گاڑیوں پر ٹیکس رعایت ختم ہونے سے قبل مانگ میں تیزی تھی۔

تاہم کمپنی کی فروخت وال اسٹریٹ کی توقعات سے کم رہی۔الیکٹرک کار ساز ادارے رواں سال کے آخری تین مہینوں میں ممکنہ طور پر فروخت میں کمی کے لیے تیار ہو رہے ہیں، کیونکہ 7500 ڈالر کی ٹیکس رعایت ختم ہو چکی ہے۔کچھ کمپنیاں قیمتیں کم کر رہی ہیں یا ٹیکس فوائد کو برقرار رکھنے کے نئے طریقے تلاش کر رہی ہیں، جب کہ دیگر ادارے ممکنہ معاشی سست روی کے پیشِ نظر اپنی پیداوار میں کمی کر رہے ہیں۔