اوورسیز پاکستانیوں کو سروسز کی فراہمی کیلئے نادرا نے 4 ممالک میں اپنے کاؤنٹرز کھول دیئے

تمام کاؤنٹرز پاکستانی سفارتخانوں میں کُھلے ہیں، اٹلی کے شہر روم میں بھی جلد نادرا کاؤنٹر کھول دیا جائے گا؛ ترجمان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 8 اکتوبر 2025 11:16

اوورسیز پاکستانیوں کو سروسز کی فراہمی کیلئے نادرا نے 4 ممالک میں اپنے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اکتوبر2025ء ) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی طرف سے اوورسیز پاکستانیوں کو سروسز کی فراہمی کیلئے 4 ممالک میں کاؤنٹرز کھول دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے نادرا نے جن 4 ممالک میں اپنے کاونٹرز کھولے ہیں ان میں کینیڈا کے شہر مونٹریال اور وینکوور شامل ہیں جہاں ادارے نے پاکستانی ایمبیسی میں کاؤنٹر کھول دیئے، اسی طرح اٹلی کے شہر میلان، بحرین کے شہر مناما اور اردن کے شہر عمان میں بھی نادرا کے سہولت کاؤنٹرز کھولے گئے ہیں، تمام کاؤنٹرز پاکستانی سفارتخانوں میں کُھلے ہیں، اٹلی کے شہر روم میں بھی جلد نادرا کاؤنٹر کھول دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں نادرا نے انتقال کر جانے والے افراد کے شناختی کارڈ کی منسوخی کی عمل کو بھی مزید آسان کردیا کیوں کہ پاکستان میں بہت سے شہری اپنے قریبی رشتے داروں کی وفات کا بروقت اندراج نہیں کرواتے یا مرحوم کا شناختی کارڈ نادرا سے منسوخ نہیں کراتے جس کی وجہ سے وراثت، پنشن اور قانونی معاملات میں پیچیدگیاں پیدا ہو جاتی ہیں، نادرا نے شناختی کارڈ کی منسوخی کے معاملے کے لیے جامع اصلاحات متعارف کرا دی ہیں، جس میں شناختی کارڈ کی منسوخی کی فیس کا خاتمہ ہے تاکہ شہری کو کسی مالی رکاوت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ نادرا نے صوبائی سول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم (سی آر ایم ایس) کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کا نظام بھی مزید مستحکم کیا ہے اور وفات کی بائیومیٹرک تصدیق کو لازمی قرار دیا ہے، جس سے جعلی یا غلط اندراجات میں نمایاں کمی آئی ہے، نئے نظام کے نفاذ کے بعد سے نتائج حوصلہ افزا ہیں اور اموات کے اندراج میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کی وجہ سے خاندانی ریکارڈ درست ہو رہا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ نادرا کی جانب سے پاک آئی ڈی ایپ میں شہریوں کے لیے نئی سہولیات شامل کی ہیں جس کے بعد اب کوئی بھی شہری اپنے قریبی رشتے دار کی وفات کے بعد اسی ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ کی منسوخی کی درخواست دے سکتا ہے، پنجاب کے 3 اضلاع میں بطور پائلٹ پراجیکٹ، وفات کا اندراج بھی پاک آئی ڈی ایپ سے ممکن بنا دیا جبکہ آئندہ مرحلے میں پیدائش، شادی، طلاق اور وفات کے اندراج کی سہولت پورے ملک میں فراہم کر دی جائے گی۔

مزید یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ نادرا نے پاک آئی ڈی ایپ میں خاندانی ریکارڈ دیکھنے کی مفت سہولت اور غلطیوں کی نشاندہی کا نیا فیچر بھی شامل کیا ہے، ناددرا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی زندگی کے تمام اہم واقعات کو بروقت رجسٹر کرائیں اور خاندانی ریکارڈ کو نادرا کے ساتھ ہمیشہ تازہ رکھیں تاکہ ایک مستند، درست اور شفاف قومی ڈیٹا بیس تشکیل دیا جا سکے۔