سرینگر،لوگوں کو ہراساں کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں ایس آئی اے کے چھاپے

بدھ 8 اکتوبر 2025 11:54

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) بھارت کےغیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں نئی دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی(ایس آئی اے)نے بھارتی پیراملٹری فورس اورپولیس کی مدد سے مختلف اضلاع میں متعدد گھروں پر چھاپے مارے اورتلاشیاں لیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسلام آباد، شوپیاں، کولگام، بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں بیک وقت چھاپے مارے گئے۔

مکینوں نے بتایا ہے کہ بھارتی فورسز نے پورے محلوں کو محاصرے میں لے کر گھروں کی تلاشی لی اور خواتین اور بزرگوں سمیت مکینوں کو ہراساں کیا۔مقامی لوگوں نے ان کارروائیوں کو مقبوضہ علاقے میں اختلافی آوازوں کو دبانے اور ہراساں کرنے کی بھارت کی وسیع پالیسی کا حصہ قرار دیا۔یہ چھاپے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون’’ یواے پی اے‘‘کے تحت مارے گئے ۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق کے گروپ ان کارروائیوں کو مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کو اجتماعی سزادینے کی کوشش قراردے رہے ہیں تاکہ غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمت کو روکا جاسکے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی جابرانہ کارروائیاں جموں وکشمیرمیں امن اور حالات معمول کے مطابق ہونے کے بھارتی حکومت کے جھوٹے دعوئوں کو بے نقاب کرتی ہیں اور فوجی محاصرے کے تحت خوف اور جبر کے ماحول کو اجاگر کرتی ہیں۔