راہول ڈریوڈ کا بیٹا انوے کپتان بن گیا

راہول کے بیٹے انوے کو یہ ذمہ داری ان کے والد کی سفارش پر نہیں بلکہ جونیئر سطح پر ان کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے دی گئی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 اکتوبر 2025 13:06

راہول ڈریوڈ کا بیٹا انوے کپتان بن گیا
بنگلور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اکتوبر 2025ء ) سابق بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ کے بیٹے انوے کو کپتان مقرر کردیا گیا۔ 
سابق بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ کے دونوں بیٹے سُمیت اور انوے کرکٹ کے میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ دونوں جلد بھارت کی نمائندگی کرتے دکھائی دیں گے۔ 
حال ہی میں ڈریوڈ کے چھوٹے بیٹے انوے کو عمدہ فارم کا صلہ مل گیا اور انہیں آئندہ ونو مانکڈ ٹرافی میں کرناٹک ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا۔

 
ونو مانکڈ ٹرافی بھارت کا سب سے بڑا انڈر 19 ایک روزہ ٹورنامنٹ ہے۔ یہ ایک ایسا ٹورنامنٹ ہے جہاں ملک کے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں اور بھارت کی قومی سطح کی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے کی راہ ہموار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

 

راہول کے بیٹے انوے کو یہ ذمہ داری ان کے والد کی سفارش پر نہیں بلکہ جونیئر سطح پر ان کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے دی گئی ہے۔

18 سالہ نوجوان گذشتہ سیزن میں کرناٹک کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے اور ریاست کے سب سے ہونہار نوجوان بلے بازوں میں سے ایک کے طور پر ابھرے ہیں۔ 
انوے دراوڑ نے انڈر 16 وجے مرچنٹ ٹرافی میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لگاتار دوسرے سیزن میں کرناٹک کی قیادت کی اور چھ میچوں میں 91.80 کی اوسط سے 459 رنز بنائے، جس میں دو سنچریاں بھی شامل تھیں۔