بھارتی ادارے ایس آئی اے کی کشمیری رہنما وحیدہ پرہ کی جموں وکشمیر سے باہر سفر کرنے کی درخواست کی مخالفت

بدھ 8 اکتوبر 2025 13:34

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں نئی دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے)نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما اور رکن قانون ساز اسمبلی وحیدپرہ کی طرف سے دائر اس درخواست کی مخالفت کی ہے جس میں انہوں نے کشمیر سے باہر سفر کرنے کی اجازت مانگی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایس آئی اے نے ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی وحید پرہ کی درخواست کو بے بنیاد اور غیر ضروری قرار دیا۔

وحیدپرہ نے جنہیں 2020میں دہشت گردی سے متعلق ایک من گھڑت مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعد میں ضمانت پر رہا کیا گیا ، حال ہی میں عدالت سے درخواست کی تھی کہ انہیں مقبوضہ علاقے سے باہر سفر کرنے کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

ایس آئی اے کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ درخواست منظور کرنے سے ٹرائل کورٹ کے اختیار کو خطرہ اورعدالتی کارروائی پر اثر پڑے گا۔ایجنسی نے کہا کہ وحید پرہ کو سفر کی اجازت دینے سے نہ صرف ضمانت کی شرائط کمزورہوں گی بلکہ مقدمات کا سامنا کرنے والے دیگر ملزمان کے لیے بھی غلط مثال قائم ہوگی۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جمہوریت پسند سیاسی آوازوں کو نشانہ بنانے کے لئے بھارت کی طرف سے اپنی عدلیہ اور تفتیشی ایجنسیوں کو استعمال کرنے کی عکاسی ہوتی ہے۔