ڈیزاسٹرمینجمنٹ سے متعلق اداروں کو ضلعی سطح پر منظم کرنے کی اشد ضرورت ہے،خورشید احمد قریشی

بدھ 8 اکتوبر 2025 14:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) مسلم لیگ ن گوجرہ کے راہنما خورشید احمد قریشی نے سانحہ 8 اکتوبر 2005 کے موقع پر زلزلہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق اداروں کو ضلعی سطح پر منظم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔خورشید احمد قریشی نے سانحہ 8 اکتوبر 2005 کے زلزلہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سانحہ 8 اکتوبر کو قومی دن کے طور پر منانے کا مقصد زلزلہ شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنا ہے، یہ دن قدرتی آفات میں اقدامات پر عالمی فریم ورک کے مطابق عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتا ہے، قدرتی آفات میں موثر ردعمل اور ریکوری پلانز کے ذریعے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ تنظیم شہری دفاع کو فعال کر کے ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے گزشتہ ایک عرصہ سے محکمہ سول ڈیفنس تنظیم شہری دفاع کو پس پشت ڈال کر سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتا دکھائی دیتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مذید کہنا تھاکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے عوامی تربیت کی بھی اشد ضرورت ہے، پاکستان و آزاد کشمیر میں آفات سے نمٹنے کیلئے ادارے موجود ہیں، ان اداروں کو منظم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سابق ڈی جی ایس ڈی ایم اے مسعود الرحمٰن نے آفات سماوی سے بچاؤ کے لیے نسل نو اور یوتھ کو تربیت فراہم کرنے کی کوششیں کی تھیں وہ قابل تحسین ہیں مگر ان کے تبدیل ہونے کے بعد یہ سلسلہ سرے سے ہی مفقود ہو کر رہ چکا ہے۔