Live Updates

سید فخر جہان نے باضابطہ طور پر چارج لے کر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی وزارت کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر سید فخر جہان نے بدھ کے روز باضابطہ طور پر چارج لے کر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی وزارت کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید فخرجہان نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انکے اعتماد سے انھیں کابینہ میں پہلے مشیر اور بعد میں بطور وزیر کھیل و آمور نوجوانان ذمہ داریاں دی گئیں جنھیں انھوں نے بطریق احسن نبھایا اور آج اس اعتماد کی بدولت انھیں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی اہم وزارت دی گئی۔

صوبائی وزیر نے اپنے ورکرز اور حلقے کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی حمایت اور ووٹ سے انھیں عوامی خدمت کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کابینہ میں اپنی گزشتہ وزارت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بانی چئرمین عمران خان اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی جانب سے انھیں کھیل اور یوتھ افیرز کے شعبے میں جو ٹاسک حوالے کئے گئے ان کے سلسلے میں صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے نمایاں اقدامات اٹھائے گئے ۔

انھوں نے کہا کہ انٹرمدارس گیمز،خصوصی افراد کیلئے گیمز اورریجنل گیمز کا انعقاد کیا گیا جبکہ ڈیرہ جات اور پشاور میں پہلی دفعہ ہارس اینڈ کیٹل شو کا انعقاد کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ کھیل کے شعبے میں نگران دور کے تعطل کی وجہ سے پرانے ترقیاتی منصوبوں کو دوبارہ اٹھانا ایک چیلنج سے کم نہیں تھا تاہم ان منصوبوں پر باقاعدہ کام شروع کیا گیا۔

عمران خان کرکٹ سٹیڈیم کو مکمل کیا گیا اور اس میں نمائشی میچ بھی کھیلا گیا اور اب اس میں قائد اعظم گیمز بھی آگئے ہیں۔اس طرح اس سٹیڈیم میں پی ایس ایل بھی آئے گی۔انھوں نے کہا کہ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ گراؤنڈ ،میل و فیمیل جم،سویمنگ پول و دیگر سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ قیوم اسٹیڈیم کی بہتری کیلئے بھی کوششیں کی گئیں۔انھوں نے کہا کہ اس سال کے کیلنڈر میں ہزارہ و سوات ریجنز میں کھیلوں کے ایونٹس کے ساتھ ساتھ ڈیرہ جات اور پشاور میں کھیل شامل کرائے تھے جبکہ پراونشل گیمز بھی ہونے تھے۔

انھوں نے کہا کہ کابینہ میں آنے کے بعد امور نوجوانان کے سلسلے میں یوتھ سکالرشپ پروگرام شروع کیا جبکہ ملک کی تاریخ کا منفرد اور اہم منصوبہ احساس نوجوان سکیم بھی شروع کیا جس کے تحت آج الحمدللہ 1.3 بلین روپے کے قرضہ جات تقسیم کئے گئے ہوئیں اور 48 ہیں۔اس سکیم کیلئے 21814 درخواستیں موصول87 لوگوں کو قرضہ مل چکا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا عمران خان کے ویژن کے تحت وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایات پر اپنی ٹیم کی محنت کی بدولت یہ کامیابیاں حاصل کیں اور بھرپور ساتھ دینے پر محکمہ کے تمام افسران کی معاونت کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ اب انھیں بانی چئرمین عمران خان اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا محکمہ دیا ہے جس پر وہ اپنے دونوں قائدین کے شکر گزار ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ نئی ذمہ داریوں کو بھی ایک نئے جذبے کیساتھ سرانجام دیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات