یمن: حوثیوں سے یرغمال یو این اہلکاروں کی رہائی کا ایک بار پھر مطالبہ

یو این جمعرات 9 اکتوبر 2025 03:45

یمن: حوثیوں سے یرغمال یو این اہلکاروں کی رہائی کا ایک بار پھر مطالبہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 09 اکتوبر 2025ء) اقوام متحدہ نے یمن میں حوثی حکام سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کے امدادی عملے، غیرسرکاری اداروں اور سفارت خانوں کے زیرحراست اہلکاروں کو فوری اور غیرمشروط طور پر رہا کر دیں۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز حراست میں لیے گئے ایک اور اہلکار کو آج رہا کر دیا گیا ہے اور اسی طرح دیگر کی رہائی بھی فوری عمل میں آنی چاہیے۔

انہوں نے حوثیوں سے کہا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے اہلکار ملک میں کمزور طبقات کو ضروری مدد پہنچانے کا کام کر رہے تھے۔ ان اہلکاروں کی تعداد 53 ہے جن میں سے بعض چار سال سے قید میں ہیں۔

ترجمان نے یمن میں اقوام متحدہ کے عملے کی ضروری سرگرمیوں کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ دنوں ملک میں پولیو کے 29 مصدقہ کیس سامنے آنے کے بعد ہر بچے کی حفاظت کا کام پہلے سے کہیں زیادہ فوری اور اہم ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیو مہم

پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے رواں ماہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے عملے نے یمن کی وزارت صحت و آبادی کے تعاون سے 12 اضلاع میں قومی ویکسینیشن مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کیا ہے۔

اس مہم کے دوران تین روز میں تقریباً 15 ہزار طبی کارکنوں نے گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر کے 13 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے ہیں۔ مہم کا پہلا مرحلہ جولائی میں مکمل کیا گیا تھا۔

ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ یمنی عوام کے ساتھ اور پائیدار امن کے لیے ان کے خواب کی تکمیل کے لیے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :