نوجوانوں کی بغاوت: مڈغاسکر مظاہروں میں ہلاکتوں پر یو این چیف افسردہ

یو این جمعرات 9 اکتوبر 2025 03:45

نوجوانوں کی بغاوت: مڈغاسکر مظاہروں میں ہلاکتوں پر یو این چیف افسردہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 09 اکتوبر 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے مڈغاسکر میں حکومت مخالف مظاہروں میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے بتایا ہے کہ وہ مڈغاسکر کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور نوجوانوں کی قیادت میں شروع ہونے والے مظاہروں میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کی تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔

Tweet URL

انتونیو گوتیرش نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کریں۔

(جاری ہے)

مظاہرے پرامن ہونے چاہئیں جن میں تشدد سے گریز، شہریوں کو تحفظ دینا اور قانون کا احترام کرنا لازم ہے۔ تمام مسائل کا حل تعمیری مکالنے کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔

’جین زی‘ کا غصہ

مڈغاسکر میں بجلی اور پانی کی فراہمی میں طویل تعطل کے خلاف 25 ستمبر سے ہونے والے مظاہرے تاحال جاری ہیں جنہوں نے پرتشدد صورت اختیار کر لی ہے۔ نوجوانوں کے زیرقیادت یہ احتجاج غربت، مبینہ بدعنوانی اور دیگر مسائل کے خلاف پھیلی مایوسی اور غصے کی نمائندگی کر رہا ہے۔

گزشتہ دنوں ملک کے صدر نے اپنی حکومت کو برطرف کر کے ایک فوجی جرنیل کو نیا وزیراعظم مقرر کیا تھا۔ تاہم، مظاہرین نے اس اقدام کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم کو 48 گھنٹے میں استعفیٰ دینے کا الٹی میٹم دے دیا ہے اور صدر کی جانب سے قومی مکالمے کی اپیل کو بھی مسترد کر دیا ہے۔

بنیادی آزادیوں کا احترام

اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) نے حالیہ دنوں بتایا ہے کہ مڈغاسکر میں جاری مظاہروں کے دوران کم از کم 22 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں مظاہرین اور راہگیر شامل ہیں جو سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ تاہم، ایسے لوگوں کی ہلاکت بھی ہوئی ہے جن کا تعلق مظاہرین سے نہیں تھا اور وہ تشدد اور لوٹ مار کے واقعات میں ہلاک ہوئے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے سکیورٹی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام پر زور دیا ہے کہ آزادی اظہار اور پرامن اجتماع کے حق کا احترام یقینی بنایا جائے جو کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے تحت حکومت کی لازمی ذمہ داری ہے۔