سابق ڈپٹی میئر لاہور نذیر خان سواتی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری مراد خان سواتی کے والد ،مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق ڈپٹی میئر لاہور نذیر خان سواتی کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔مرحوم کی نمازِ جنازہ نہرو پارک، اسلام پورہ میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ معروف عالم دین ڈاکٹر راغب نعیمی نے پڑھائی۔

جس میں وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال، صوبائی وزراء میں خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین، وزیر اعظم کے پولیٹیکل سیکریٹری مراد خان، کوآرڈینیٹر ٹو وزیر اعظم سید توصیف شاہ، معاون خصوصی برائے وزیر اعلی ذیشان ملک، طلحہ برکی، ممبران اسمبلی ماجد ظہور، عمران علی گورائیہ، چوہدری نواز لدھڑ، میاں عمران جاوید، غیاث الدین بابر، رانا اشرف، ملک ریاض، رانا راشد منہاس، سابقہ عوامی نمائندے میاں طارق، رائو شہاب الدین، کرنل (ر) مبشر جاوید، مرزا جاوید، وحید عالم خان سمیت مختلف سیاسی و سماجی رہنمائوں،عزیز و اقارب اور اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے پارٹی رہنما و سابق ڈپٹی میئر لاہور نذیر خان سواتی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نذیر خان سواتی جیسے سینئر کارکنان کسی بھی سیاسی پارٹی کے لئے اثاثے کی حیثیت رکھتے ہیں،ان کی پارٹی اور اپنے ملک کے لئے بے لوث خدمت کا جذبہ قابل رشک تھا، مسلم لیگ (ن) کے لئے نذیر خان سواتی جیسے کارکنان اور ان کی دیرینہ خدمات قابل فخر ہیں۔ اللہ تعالی سے ان کے لئے جنت الفردوس میں اعلی مقام کے لئے دعاگو ہوں۔ اللہ تعالی لواحقین کو اس سانحہ کو جھیلنے کے لئے صبر جمیل عطا فرمائے۔