چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری افراد کو سہولیات دیکر ملکی مجموعی معاشی ترقی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، فاروق یوسف

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) پاکستان کی مجموعی ترقی کا زیادہ تر انحصار چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں پرہے لہٰذاان کاروباروں کی معاشی ترقی کیلئے خصوصی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہئے کیونکہ موجودہ ملکی معاشی صورتحال میں چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری افراد کو سہولیات بہم پہنچاکرہی ملکی مجموعی معاشی ترقی کی رفتار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدرفاروق یوسف شیخ نے بزنس کمیونٹی کے وفد سے بات چیت میں کہا کہ پنجاب میں صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے بزنس کمیونٹی، حکومت پنجاب اور اس کے اداروں کومزیدمؤثر، مربوط،فعال اور منظم کوششیں کرنا ہونگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دودھ پیدا کرنے والے ممالک میں چوتھانمبر ہے اسی طرح پاکستان نہ صرف پھلوں کی پیداوارمیں خودکفیل ہے بلکہ پاکستان سے حلال گوشت کی برآمدات کے بھی وسیع امکانات موجود ہیں لہٰذا ان شعبوں کو جدید سائنسی خطوط پراستوار کر کے عالمی سطح پر برآمدت کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات بڑھانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ اگر دیگر سیکٹرز کی طرف بھی توجہ مبذول کی جائے تو اس کے اور بھی بہتر نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔