سوڈان میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے مسجد پر حملے میں 13 افراد جاں بحق، 20 زخمی ہو گئے

جمعرات 9 اکتوبر 2025 17:38

پورٹ سوڈان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) سوڈان کے شہر الفشر میں نیم فوجی تنظیم ’’ریپڈ سپورٹ فورسز ‘‘ کے ایک مسجد پر حملے میں کم سے کم 13 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔ اے ایف پی کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز نے بدھ کے روز الفشر شہر میں ایک مسجد پر گولہ باری کی جہاں بے گھر خاندان پناہ لیے ہوئے تھے۔

دونوں ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مسجد پر حملہ شمال سے کیا گیا، جہاں آر ایس ایف نے ابو شوک کیمپ پر قبضہ کر لیا ہے اور سوڈانی فوج سے شہر کا کنٹرول چھیننے کی کوشش میں پوزیشنیں قائم کر لی ہیں۔ ایک مقامی شخص نے بدھ کو ہونے والے حملے کے بارے میں بتایا کہ دوپہر کو گولہ باری کے بعد، ہم نے ملبے کے نیچے سے 13 لاشیں نکالیں اور انہیں دفن کر دیا۔

(جاری ہے)

حملے میں بچ جانے والے ایک شخص نے کہا کہ ہم تقریباً 70 خاندان مسجد کے اندر پناہ لیے ہوئے تھے کیونکہ آر ایس ایف نے ہمارے گھروں پر قبضہ کر لیا تھا، کل توپوں کے گولے گرے جن سے 13 لوگ مارے گئے اور 20 زخمی ہوئے جبکہ مسجد کا ایک حصہ بھی منہدم ہوگیا۔رپورٹس کے مطابق آر ایس ایف کی جانب سے الفشر پر یہ حملہ اپریل 2023 میں فوج کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سب سے شدید حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔