حاجی حنیف طیب کی بریلی شریف خانوادہ اعلیٰ حضرت علامہ توقیر رضا خان کی گرفتاری کی مذمت

جمعرات 9 اکتوبر 2025 19:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2025ء) چیئرمین نظام مصطفی پارٹی سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی حنیف طیب ،پارٹی صدرمیاں خالدحبیب الٰہی ایڈووکیٹ نے کہاکہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلوی رحمة تعالیٰ علیہ کی زندگی عشق رسول ﷺسے منورتھی بریلی شریف اہل سنت مسلمانوں کا مرکز ہے خانوادہ اعلیٰ حضرت علامہ توقیر رضا خان عشق رسول ﷺکا پیغام عام کررہے تھے ان کو گرفتارکرکے تشددکا نشانہ بناناقابل مذمت ہے ۔

ڈاکٹرحاجی حنیف طیب اورمیاں خالدحبیب الٰہی ایڈووکیٹ نے کہاکہ اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان کے خانوادہ علامہ مولانامنان رضاخان،مولاناسبحان رضا خان،حضرت مولانااسجدرضاخان، مولانااحسن رضا خان سمیت تمام خاندان اعلیٰ حضرت کی جانب سے متفقہ طورپربھارتی حکام کو متنبہ کرتے ہوئے جاری مشترکہ بیان مسلم حکمرانوں کے لئے بھی توجہ طلب ہے ۔

(جاری ہے)

خاندان اعلیٰ حضرت کاکہناہے کہ علامہ توقیر رضاخان کی گرفتاری کے بعد بعد پورے ہندوستان میں مسلمان کے خلاف کریک ڈاؤن اپنی انتہاکو پہنچ چکا ہے گرفتارافرادکو تھانہ میں مارپیٹ کی جارہی ہے انہیںکھانانہیں دیا جارہاہے،مسلمانوں کے گھروں پربلڈوزچلائے جارہے ہیں،مسلم خواتین پر ظلم اوربچوں کومارپیٹ کی جارہی ہے۔مساجد کے امام ، موذن کو تشددکا نشانہ بنایاجارہاہے اسی خوف وہراس کی وجہ سے مساجد میں نمازیں نہیں ہورہی، بریلی شریف میں مسلمان ہونے کی سزادی جارہی ہے۔

انہوںنے مسلم حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ بھارت میں ظلم وناانصافی کے خلاف اورمسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آوازبلند کرے ۔ڈاکٹرحاجی حنیف طیب اورمیاں خالدحبیب ایڈووکیٹ نے کہاکہ ’’آئی لویومحمد ﷺ،یعنی میں اپنے نبی سے پیارکرتاہوں ‘‘اس محبت کے اظہارکو بھارت میں خطرہ قراردینا اوراس کی آڑمیں مسلمانوں پر ظلم ڈھانا،جبری گرفتاریاں کرنا ناانصافی،بھارتی قوانین اورآئین کی دھجیاںاُڑانے کے مترادف اوربین المذاہب ہم آہنگی کے لئے خطرناک حملہ ہے۔رہنماوںاقوام متحدہ ،مسلم تنظیم اوآئی سی ،انسانی حقوق تنظیموں کی خاموشی کو بھی قابل مذمت قراردیا۔