گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال نے خاتون کے دماغ سے60کینسرٹیومرز کا کامیاب علاج کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا

جمعرات 9 اکتوبر 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) پاکستان کے گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال لاہور نے سائبر نائف ریڈیوٹیکنالوجی کے ذریعے خاتون کے دماغ سے60 کینسرٹیومرز کا کامیاب علاج کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا، یہ سرجری صحت کارڈ اور مخیرحضرات کے تعاون سے ممکن ہوئی ہے ۔ترجمان کے مطابق اس سے قبل یہ ریکارڈ جاپان کے پاس 30 میٹاسٹیسز (کینسر ٹیومرز) کاتھا، یہ شاندارکامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال جدید کینسر کے علاج میں عالمی معیار پر عمل پیرا اور مریضوں کو جدید ترین و موثر علاج فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے ۔

سائبرنائف سسٹم بغیر کٹ لگائے انتہائی درست اور موثر ریڈیو تھراپی ٹیکنالوجی ہے جو میٹاسٹیسز( کینسر یا نون کینسر ٹیومرز ) متاثرہ رسولیوں کو انتہائی درستگی سے نشانہ بناتی اور ساتھ ہی صحت مند ٹشوز محفوظ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ آ ف ڈیپارٹمنٹ شعبہ سائبرنائف ڈاکٹر عائشہ نے کہا کہ ہمیں یہ سنگ میل عبور کرنے پر بے حد خوشی ہے، یہ کامیابی ہماری ماہر ٹیم، آنکولوجسٹس اور فزسسٹس کی انتھک محنت و تعاون کانتیجہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم مستقبل میں بھی اپنے مریضوں کو جدید اور معیاری کینسر کا علاج فراہم کرتے رہیں گے، گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال میں سائبر نائف ٹیکنالوجی کا موثر استعمال اس عزم کی دلیل ہے کہ گھرکی ہسپتال کینسر کے علاج میں عالمی سطح پر ہونے والے جدید رجحانات کی طرف گامزن ہے۔انہوں نے کہاکہ گھر کی ہسپتا ل کا مشن ہے کہ وہ مریضوں کی زندگیوںمیں بہتری لانے کے لیے جدید طبی سہولیات فراہم کرتارہے۔

ہسپتال کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹرعامر عزیز نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہایہ کامیابی اس بات کی عکاس ہے کہ گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال ضرورت مند لوگوں کو مفت علاج کی بہترین سہولیات فراہم کررہاہے۔انہوں نے کہاکہ اب تک 1000 سے زائد مریضوں کا سائبر نائف کے ذریعے مفت اور کامیاب علاج کیا جاچکا ہے،انشاء اللہ یہ کاوش جاری و ساری رہے گی۔