ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام نہ دیا گیا تو وہ ناروے پر تجارتی دباؤ ڈال سکتے ہیں ، دی ڈیلی ٹیلی گر اف کا انکشاف

جمعہ 10 اکتوبر 2025 08:50

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) برطانوی روزنامے دی ڈیلی ٹیلیگراف نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام نہ دیا گیا تو وہ ناروے پر تجارتی دباؤ ڈال سکتے ہیں۔ اخبار کے مطابق امریکی صدر ناروے کی حکومت کے خلاف ممکنہ اقدامات پر غور کر رہے ہیں، جن میں ناروے سے گیس یا تیل کی خریداری بند کرنے کی عالمی اپیل، یا اوسلو سے سرکاری تعلقات محدود کرنا شامل ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی ان افراد یا ممالک کے خلاف سخت اقدامات کر چکے ہیں جو ان کے مفادات یا خواہشات کے خلاف جاتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ناروے کو ایسے ممکنہ ردعمل کے لیے تیار رہنا چاہیے۔دی ڈیلی ٹیلیگراف کے مطابق نوبل کمیٹی کے سابق اراکین سے بات چیت کے بعد اندازہ لگایا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے امن انعام حاصل کرنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے مقابلے میں اقوام متحدہ کی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے ، عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او )، بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی ) اور بین الحکومتی پینل برائے ماحولیاتی تبدیلی (آئی پی سی سی ) جیسے ادارے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ نوبیل ویک 6 اکتوبر سے اسٹاک ہوم میں جاری ہے جبکہ امن انعام کا اعلان 10 اکتوبر کو اوسلو میں کیا جائے گا۔