جورڈن کوکس اور ایما لیمب کو پی سی اے کے سال کے بہترین کھلاڑیوں کے ایوارڈ سے نوازا دیا گیا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 09:40

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) انگلینڈ کے ابھرتے ہوئے کرکٹ سٹارز جورڈن کوکس اور ایما لیمب کو شاندار کارکردگی پر پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (پی سی اے) کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ موسم گرما میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث انہیں انگلینڈ کی ٹیم میں واپسی کا موقع ملا۔

جورڈن کوکس نے رواں سیزن میں ایسیکس کے لیے کھیلتے ہوئے اپنی پہلی ٹی 20 سنچری سکور کی اور دی ہنڈریڈ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بنے۔ انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف ٹی 20 میچ میں اپنی پہلی بین الاقوامی نصف سنچری بھی بنائی، جسے وہ اپنی سب سے یادگار کارکردگی قرار دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

جورڈن کوکس نے کہا کہ میرا پسندیدہ لمحہ آئرلینڈ کے خلاف ففٹی بنانا تھا، جو شاید مجھے نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے منتخب کیے جانے کی وجہ بنی۔

دوسری جانب، خواتین کرکٹ میں ایما لیمب نے لنکا شائر کی جانب سے میٹرو بینک کپ میں سب سے زیادہ رنز سکور کیے اور ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ اس وقت انگلینڈ ویمن ٹیم کے ساتھ ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ایما لیمب نے کہا کہ میں یہ ایوارڈ جیتنے کی امید نہیں کر رہی تھی، لیکن یہ میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے کہ میرے ساتھی کھلاڑیوں نے میری محنت کو سراہا۔

پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (پی سی اے) نے ریحان احمد کو مردوں کے نوجوان کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا۔ انہوں نے لیسٹرشائر کی جانب سے 5 سنچریاں سکور کیں اور ٹیم کو چیمپئن شپ میں ترقی دلوائی۔خواتین میں ڈاوینا پیرن نے 42 گیندوں پر سنچری بنا کر سب کی توجہ حاصل کی، اور وہ نوجوان کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔اس کے علاوہ پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (پی سی اے) نے دیگر اعزازات جو تقسیم کیے ان میں گراہم گوچ کو کھیل میں ان کی طویل خدمات پر نمایاں خدمات پر ایوارڈ دیا۔

نٹ سِور برنٹ اور عادل رشید کو رادو ریکگنیشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔اینڈریو فلنٹوف کی بی بی سی سیریز "فیلڈ آف ڈریمز" کو ای سی بی سپیشل میرٹ ایوارڈ ملا۔امپائرز آف دی ایئر کا ایوارڈ مردوں میں ایان بلیک ویل جبکہ خواتین میں گابی براؤن کو دیا گیا۔پی سی اے کے چیف ایگزیکٹیو، ڈیریل مچل نے کہا کہ یہ ایوارڈز ہمارے کھلاڑیوں کی محنت اور قربانیوں کا اعتراف ہیں۔ ہر سال کی طرح، اس سال بھی ہم نے کئی شاندار پرفارمنسز دیکھیں، جنہیں سراہنا ہمارا فرض ہے۔