اسلام آباد میں چین پاک یوتھ ون اسفیئر انٹرنیشنل ویمنز ٹریننگ بیس کا باقاعدہ افتتاح ہو گیا

جمعہ 10 اکتوبر 2025 14:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) چین اور پاکستان کے درمیان عوامی سطح پر تعاون کا ایک نیا باب، اسلام آباد میں چین-پاکستان یوتھ ون اسفیئر انٹرنیشنل ویمنز ٹریننگ بیس کا باقاعدہ افتتاح ہو گیا۔ اس منصوبے کا مقصد پاکستانی خواتین کو معاشی خودمختاری کے لیے ضروری عملی ہنر فراہم کرنا ہے گوادر پرو کے مطابق یہ اقدام بیجنگ ون اسفیئر چیریٹی فانڈیشن اور چین-پاکستان یوتھ ایکسچینج کمیونٹی کے اشتراک سے عمل میں لایا گیا ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر تربیتی مرکز کے قیام کے لیے 30 سلائی مشینیں عطیہ کی گئیں۔

گوادر پرو کے مطابق منصوبے کے تحت خواتین کو نہ صرف سلائی کی تربیت دی جائے گی بلکہ مرحلہ وار کمپیوٹر کی بنیادی تعلیم اور چینی پیسٹری سازی کے کورسز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ روایتی شال سازی کا ایک خصوصی پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، جو ثقافتی ورثے کے تحفظ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ گوادر پرو کے مطابق تربیتی پروگرام ہر سال چار مراحل پر مشتمل ہوگا، جس میں ہر مرحلہ تین ماہ پر محیط ہوگا اور ہر سیشن میں 30 خواتین کو شامل کیا جائے گا۔

اس طرح سالانہ 120 خواتین کو ہنر مند بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی پہلی بیچ کی خواتین نے سلائی کی تربیت کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ دیگر کورسز آئندہ چند ماہ میں شروع کیے جائیں گے۔ گوادر پرو کے مطابق منتظم کمیٹی کے رکن ما بین نے اس موقع پر کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد خواتین کو ایسے عملی ہنر سکھانا ہے جن کے ذریعے وہ اپنے خاندان اور معاشرے کی فلاح میں موثر کردار ادا کر سکیں۔ ہم روایتی ہنر اور جدید مہارتوں کو یکجا کر کے خواتین کی بااختیاری کے لیے سرحد پار عملی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔