اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر خراجِ تحسین

جمعہ 10 اکتوبر 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔ جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی جرات و بہادری کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بروقت اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن سے 30 بھارتی سرپرست یافتہ خوارج جہنم واصل ہوئے۔

قوم اپنے بہادر افسران اور جوانوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم اور پارلیمنٹ متحد ہے۔ اسپیکر ایاز صادق نے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تحفظ کے لیے مسلح افواج کے بہادر جوانوں کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

(جاری ہے)

دہشتگردی کے ناپاک عزائم کو ہر سطح پر ناکام بنایا جائے گا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے قوم سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اتحاد و یکجہتی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ فتنۃ الہندوستان کے خاتمے کیلئے قوم اور سکیورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم قابل ستائش ہے۔

بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج پاکستان کے امن کے دشمن ہیں ان کا انجام عبرت ناک ہوگا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔