ایف آئی اے بلوچستان زون کی کارروائی، لاکھوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد، 2 ملزمان گرفتار

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 13:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے )بلوچستان زون نے ڈی جی ایف آئی اے کی خصوصی ہدایات پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل چمن کی ٹیموں نے کارروائی کے دوران دو ملزمان حاجی محمد اور محمد حضرت کو حراست میں لیا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے 22 ہزار امریکی ڈالر، 24,500 سعودی ریال، 113,760 افغانی اور 495,000 پاکستانی روپے برآمد کیے گئے۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد چمن کے مختلف علاقوں سے پکڑے گئے، جبکہ ابتدائی تفتیش میں بتایاگیاکہ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کر رہے تھے اور حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی نیٹ ورک سے منسلک تھے۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران ملزمان کے موبائل فونز، غیر قانونی ٹرانزیکشنز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بھی برآمد کر لیے گئے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان برآمد ہونے والی بھاری مالیت کی کرنسی کے متعلق تسلی بخش وضاحت پیش نہ کر سکے۔ایف آئی اے حکام نے ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ ایف آئی اے کی جانب سے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈائون آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔