ڈی جی رینجرزسندھ اورآئی جی کی زیر صدارت سیکیور ٹی کانفرنس ،انتظامات کا جا ئزہ لیا گیا

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 16:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2025ء) ہیڈ کوارٹرزپاکستان رینجرزسندھ میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد شمریزاور آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سیکیور ٹی کانفرنس منعقد ہوئی۔کانفرنس میں شہر کی امن و امان کی مجمو عی صورت حا ل کو بہتر بنانے کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا جا ئزہ لیا گیا۔کانفر نس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ،تمام ڈی آئی جیز ، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔

کانفرنس میں صوبہ سندھ اور بالخصوص کراچی کی امن و امان کی مجمو عی صورت حا ل کو بہتر بنانے اور دہشتگردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف رینجرز، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے مشترکہ آپریشن موثر بنانے پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کومزید سخت بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔کانفرنس کے دوران خصوصاً بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، اسلحے کی غیر قانونی نمائش اوردیگر جرائم کے خلاف موثر اور جامع پلان بنانے کے ساتھ ساتھ بزنس کمیونٹی اور غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پٹرولنگ اور اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا گیا۔

صوبے کے ہر حصے میں ملک دشمن کاروائیوں کی سرکوبی کے لیے بین الصوبائی لا انفورسمنٹ ایجنسیز کے درمیان تعاون پربھی زور دیا گیا۔