مقبوضہ کشمیر، راجوری پونچھ سیکٹر میں بھارتی فورسز کا تلاشی آپریشن پانچویں روز بھی جاری

ہفتہ 11 اکتوبر 2025 18:29

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے راجوری۔پونچھ سیکٹر کے بالائی علاقوں میں بھارتی فورسز کا بڑے پیمانے پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن آج پانچویں روز بھی جاری ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ آپریشن منگل کی شام راجوری کے کنڈی علاقے میں ایک کیمپ پر حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا، جس میں اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے پانچ اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

اگرچہ تازہ فائرنگ کی کوئی اطلاع نہیں ملی تاہم بھارتی فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور پولیس کے اہلکار کنڈی اور ملحقہ علاقوں کے گھنے جنگلات میں مسلسل تلاشی کی کارروائیاں کر رہے ہیں۔آپریشن کو مزید علاقوں تک بڑھا دیا گیا ہے جس میں راجوری اور پونچھ اضلاع کے پیر پنجال کے بالائی علاقے بھی شامل ہیں۔بھارتی فورسز نے نزدیکی دیہات کے تمام داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے ہیں، جہاں مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ انہیں بھاری فوجی محاصرے، گھر گھر تلاشی اور ڈرون نگرانی کا سامنا ہے۔