خیبر پختونخوا ہ میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والوں کو حساب دینا ہو گا ‘ ملک افضل کھوکھر

دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں ،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے

اتوار 12 اکتوبر 2025 11:05

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والوں کو حساب دینا ہو گا ،ہم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر جمع کیا لیکن 2018ء کے بعد سے دوبارہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کی پشت پناہی ہوئی لیکن بانی پی ٹی آئی نے دہشتگردوں کا ساتھ دے کر پاکستان کے عوام اور شہیدوں کے لہو سے بے وفائی اور ان کی قربانیوں کی توہین کی،قومی پالیسی کی خلاف ورزی اور دہشتگردوں کو واپس لانے کا مجرم بانی پی ٹی آئی ہے، اسے یہ حساب دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محب وطن لوگوں کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی افواج، پولیس، رینجرز اور بچوں سمیت عوام کے ہر طبقے نے عظیم قربانیاں دی ہیں جسے فراموش نہیں کرسکتے،ریاست فیصلہ کرچکی ہے کہ دہشتگردوں کو ہرگز پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں ،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔