اداروں اور سیاستدانوں کو نظام کی مضبوطی کے لئے متحد ہونا ہوگا‘رانا جمیل منج

ہم نظام کو بچانے کیلئے ہمیشہ آگے بڑھے ،اگر پیپلز پارٹی ساتھ ہوگی تو یہ سسٹم چلے گا ورنہ نہیں چلے گا

اتوار 12 اکتوبر 2025 11:05

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج نے کہا ہے کہ ملکی استحکام کے لئے نظام چلانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،اداروں اور سیاستدانوں کو نظام کی مضبوطی کے لئے متحد ہونا ہوگا،ہم نظام کو بچانے کے لئے ہمیشہ آگے بڑھے ،اگر پیپلز پارٹی ساتھ ہوگی تو یہ سسٹم چلے گا ورنہ نہیں چلے گا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی جماعت ضرور ہے مگر عزت و قار پر سمجھونہ نہیں کرے گی، پیپلز پارٹی (ن) لیگ کے ساتھ شامل ہوئی تو یہ حکومت بنی، پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کا اتحادی بن کر بہت نقصان اٹھایا اور الیکشن کے بعد ملک جو آج سکھ کا سانس لے رہا ہے یہ بھی پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہے، بات معافی کی نہیں بلکہ بات عزت اور وقار کی ہے،بات حرف آخر کی نہیں ہوتی سب کو مل کر چلنا پڑتا ہے اسی میں بہتری ہے۔

(جاری ہے)

رانا جمیل منج نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کی خاطر اپنے ووٹوں،اقتدار اور سیٹوں کی قربانیاں دیں ہیں۔ پیپلز پارٹی دکھاوے نہیں بلکہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، انتخابات میں عوامی فیصلہ ہی سب سے اہم ہوگا،جب عوام پیپلز پارٹی کو اکثریت دے گی تو بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ خدمت کا وقت ہے اور یہ ہم سب کیلئے ایک امتحان ہے جس کا مقابلہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو ملکر کرنا ہوگا، 2022ء کے سیلاب کے بعد بھی ہم نے ملکر یہ کرکے دیکھایا اب ایک بار پھر ہمیں اتحاد کو اپنا کر یہی کرنا ہوگا۔