فیصل بینک اورپیشنٹس ایڈ فائونڈیشن کی جانب سے بائیک اے کاز 2025 ریس کاانعقاد

اتوار 12 اکتوبر 2025 19:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) فیصل بینک لمیٹڈنے پیشنٹس ایڈ فانڈیشن کے تعاون سے بائیک اے کاز 2025 کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی کی۔ یہ ایک کمیونٹی سائیکلنگ ایونٹ ہے جس کا مقصد بریسٹ کینسر سے لڑنے والی خواتین کی معاونت کرنا ہے۔ یہ اقدام فیصل بینک کے فلاح و بہبود، خواتین کو بااختیار بنانے اور سماجی ذمہ داری کی ادائیگی کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

بائیک اے کاز ایک فنڈ ریزنگ مہم ہے جو کارپوریٹ سیکٹر اور سائیکلنگ کمیونٹی کو یکجا کرکے بریسٹ کینسر کے خلاف جدوجہد کو مضبوط بناتی ہے۔بریسٹ کینسر پاکستان میں خواتین کو درپیش بڑے صحت کے مسائل میں سے ایک ہے، جہاں ہر 9 میں سے 1 خاتون اس بیماری کے خطرے سے دوچار ہے۔ ہر سال تقریبا 83,000 نئے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، جبکہ تاخیر سے تشخیص اور علاج کی محدود سہولتوں کے باعث تقریبا 40,000 خواتین اپنی جان گنوا بیٹھتی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی پس منظر میں پیشنٹس ایڈ فانڈیشن جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)میں جدید تشخیص اور علاج کا مرکز قائم کر رہی ہے، جن میں پاکستان کے پہلے خواتین بریسٹ کینسر بے کا قیام بھی شامل ہے، جہاں دل کو کوئی نقصان پہنچے بغیر جدید ترین ریڈی ایشن تھراپی بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔سائیکلسٹوں نے سندھی مسلم ہاسنگ سوسائٹی چوک سے ریس کا آغاز کیا اور 5 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر پہنچے۔

اس ریس کا مقصد فیصل بینک اور پیشنٹس ایڈ فانڈیشن کے بریسٹ کینسر آگاہی مہم کے مشترکہ عزم سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ یہ سرگرمی بریسٹ کینسر آگاہی ماہ سے مطابقت رکھتی ہے، جس کا مقصد بروقت تشخیص اور علاج کی سہولت تک آسان رسائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس مہم سے حاصل ہونے والی تمام رقم ان مستحق مریضوں کے علاج پر خرچ کی جائے گی جو زندگی بچانے والی طبی معاونت کے منتظر ہیں۔

فیصل بینک کی سینئر مینجمنٹ نے بھی اس تقریب میں بھرپور شرکت کی، جس سے بینک کے اس عزم کی تجدید ہوئی کہ وہ صحت عامہ اور کمیونٹی فلاح و بہبود سے متعلق مثبت و پائیدار اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔ جے پی ایم سی کے سائبر نائف فیسلیٹی میں شیلڈ تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں شرکا کو ان کی تعاون، جذبے اور یکجہتی کے اعتراف میں سراہا گیا۔فیصل بینک صحت عامہ کے فروغ اور فلاحی منصوبوں کی سرپرستی کے لیے پرعزم ہے، اس یقین کے ساتھ کہ کارپوریٹ ذمہ داری صرف کاروبار تک محدود نہیں، بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل تک پھیلی ہوئی ہے جہاں معیاری علاج اور صحت کی سہولتوں تک رسائی سب کے لیے ممکن ہو۔