ہمیشہ بلا رنگ و نسل عوام کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے ،رکن اسمبلی حاجی علی مدد جتک

اتوار 12 اکتوبر 2025 19:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و صوبائی اسمبلی کے ممبر حاجی علی مدد جتک اپنے حلقے سریاب کے عوام کے حقیقی خادم بن کر دن رات عوامی مسائل کے حل کے لیے سرگرم ہیں۔ آصف آباد میں واقع جتک ہاؤس میں مختلف علاقوں کے عوامی وفود اور شخصیات نے ان سے ملاقات کی، جہاں لوگوں نے اپنے مسائل، شکایات اور علاقے کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔

حاجی علی مدد جتک نے تمام وفود کی باتیں نہ صرف تحمل سے سنیں بلکہ موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں تاکہ عوام کے مسائل فوری طور پر حل ہوں۔ عوامی وفود نے پانی، بجلی، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے اپنے مسائل پیش کیے جن پر حاجی علی مدد جتک نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ہر ممکن اقدامات کریں گے تاکہ علاقے کے عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علاقے کے لوگوں نے کہا کہ حاجی علی مدد جتک نے ہمیشہ ایک عوامی خادم کا کردار ادا کیا ہے اور بغیر کسی تفریق کے ہر شہری کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی علی مدد جتک کی کاوشوں سے علاقے میں ترقیاتی منصوبے شروع ہوئے ہیں اور عوام کو حقیقی ریلیف مل رہا ہے۔عوام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حاجی علی مدد جتک جیسے نمائندے ہی علاقے کے لیے امید کی کرن ہیں جو ہر وقت عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوامی خدمت کو اپنا مشن سمجھتے ہیں۔