خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام پاکستان کی ترجیح ،قومی دفاع اور خودمختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان

اتوار 12 اکتوبر 2025 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کو اولین ترجیح دی ہے تاہم قومی دفاع اور خودمختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، جو ہر قسم کی جارحیت کا دوٹوک اورموثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،پاکستان کی سرحدوں کے تحفظ اور امن و سلامتی کے قیام کے لیے قوم متحد ہے ۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ سرحد پار دہشت گرد گروہوں کی موجودگی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو یہ حقیقت تسلیم کرنی ہوگی کہ اس کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم گروہوں کی کارروائیاں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں ،وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ریاست کے طور پر ہمیشہ امن اور مذاکرات کے راستے کو ترجیح دیتا رہا ہے، لیکن قومی سلامتی پر آنچ آنے کی صورت میں ریاست اور عوام متحد ہو کر ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام مادرِ وطن کے دفاع اور افواجِ پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔