گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی افغان فورسز کی جارحیت و دراندازی کی شدید مذمت، مؤثر جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین

اتوار 12 اکتوبر 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے افغان فورسز کی جارحیت و دراندازی کی شدید مذمت کی ہے اور ملکی دفاع یقینی بنانے اور افغان فورسز کو مؤثر جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے ملکی دفاع یقینی بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنیوالے 23 سکیورٹی فورسز جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ملک و قوم کیلئے جانیں قربان کرنیوالے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر خیبر پختونخوا نے شہید جوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ افغان فورسز کی جارحیت پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی اور خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔ افغانستان سے پاکستان کی سرحدوں پر دراندازی و جارحیت انتہائی افسوسناک ہے، ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ ذمہ داری کے ساتھ تحمل اور عزم کے ساتھ طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج وطن کے دفاع کےلیے ہمت، پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کے ساتھ پہرا دیتی رہیں گی، خیبرپختونخوا کے عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔