AJKTEVTA کے زیر انتظام ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ مظفرآباد میں تقسیم تعریفی اسناد کی پروقار تقریب کا انعقاد

پیر 13 اکتوبر 2025 17:07

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) 4 اور 5 ستمبر 2025 کو آپریشن بنیان المرصوص کی یاد میں منعقد ہونے والی دفاعی و صنعتی نمائش نیلم سٹیڈیم مظفرآباد میں آزاد کشمیر کے مختلف اداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر AJK TEVTA نے بھی اپنا سٹال لگایا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جسے عوام اور مہمانانِ گرامی نے بھرپور سراہا۔

اسی کامیابی کے اعتراف میںAJK TEVTA کے حکام بالا نے گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ مظفرآباد میں ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ تعریفی اسناد کا انعقاد کیا -تقریب میں اُن تمام سٹاف ممبران کو تعریفی اسناد (Appreciation Letters) سے نوازا گیا جنہوں نے نمائش کی تیاری اور انعقاد میں اپنی انتھک محنت، خلوص اور بہترین کارکردگی کے ذریعے ادارے کے وقار کو بلند کیا۔

(جاری ہے)

یہ اعزاز نہ صرف ان کی لگن اور محنت کا اعتراف ہے بلکہ ادارے کے لیے باعثِ فخر بھی ہے۔اس موقع پر آپریشن بنیان المرصوص کی افادیت اور اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ اس آپریشن کو پاکستان کی تاریخ کا ایک روشن باب قرار دیا گیا جس میں پاک فوج نے قربانی، بہادری اور عزم و استقلال کے ساتھ ملک دشمن عناصر کو ناکام بنایا۔ پاکستانی عوام نے بھی اس آپریشن میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے اتحاد اور یکجہتی کا عملی ثبوت دیا۔

یہی وہ جذبہ تھا جس نے عوام اور افواجِ پاکستان کے رشتے کو مزید مضبوط بنایا -تقریب کے معزز مہمانانِ گرامی سیکرٹری / چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر مسعود احمد بخاری،ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن عادل رشید،انچارج لیڈی انسٹرکٹر محترمہ رفعت بخاری تقریب کا آغاز ادارے کے پرنسپل / ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اطہر احمد ڈار کے استقبالیہ خطبہ سے ہوا۔ انہوں نے معزز مہمانوں اور شریک سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بالخصوص سیکرٹری صاحب کی جانب سے اپنے ماتحت سٹاف کی حوصلہ افزائی اور تعاون کو سراہا۔

بعد ازاں سیکرٹری / چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر مسعود احمد بخاری نے اپنے خطاب میں دفاعی و صنعتی نمائش (بنیان المرصوص، 4 اور 5 ستمبر 2025) میں شدید گرمی کے باوجود بھرپور کردار ادا کرنے والے سٹاف ممبران کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جذبہ اس بات کا غماز ہے کہ ادارے کے لوگ اپنی ذمہ داریوں کو خلوص اور جانفشانی سے ادا کرتے ہیں۔ مزید برآں انہوں نے آپریشن بنیان المرصوص کو پاکستان کے امن و استحکام کے قیام میں سنگِ میل قرار دیا اور اسے قومی یکجہتی کی بہترین مثال کہا۔