ٹیپ میڈ نے بنگلہ دیش میں گریمن فون کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے اپنا علاقائی دائرہ کار بڑھادیا

پیر 13 اکتوبر 2025 17:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) پاکستان کے معروف او ٹی ٹی اسٹریمنگ پلیٹ فارم ٹیپ میڈ (tapmad) نے بنگلہ دیش کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونی کیشن سروس فراہم کرنے والی کمپنی گریمن فون (Grameenphone) کے ساتھ ایک اہم اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت بنگلہ دیش کے ناظرین اب اعلی معیار کے کھیلوں اور تفریحی مواد سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

اس اشتراک کے تحت بنگلہ دیشی صارفین اب ٹیپ میڈ کے وسیع کیٹلاگ میں موجود لائیو اسپورٹس، فلمیں اور آن ڈیمانڈ انٹرٹینمنٹ مواد دیکھ سکیں گے۔ سبسکرپشن کی سہولت گریمن فون موبائل بیلنس کے ذریعے MyGP ایپ، ٹیپ میڈ ایپ یا ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ صارفین کی سہولت کے لیے ہفتہ وار اور ماہانہ پیکجز بھی دستیاب ہیں جو مقامی ضروریات کے مطابق ترتیب دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیپ میڈ کے سی ای او یاسر پاشا نے کہاکہ گریمن فون کے ساتھ شراکت داری ہمارے لیے پاکستان سے باہر قدم بڑھانے کا ایک اہم موقع ہے۔ ملک میں شاندار ترقی کے بعد ہم بنگلہ دیشی ناظرین کے لیے اپنی عالمی معیار کی اسٹریمنگ سہولت لے کر جا رہے ہیں۔ مناسب قیمتوں، آسان رسائی اور معیاری مواد کے ذریعے ہم بنگلہ دیش میں کھیل اور تفریح کے انداز کو نئی جہت دینا چاہتے ہیں۔

گریمن فون کے ہیڈ آف ڈیجیٹل پلیٹ فارم، پیمنٹ اینڈ پارٹنرشپ، زاہد الزمان نے کہاکہ گریمن فون میں ہمارا مقصد اپنے صارفین کو جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ٹیپ میڈ کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم اپنے صارفین کو عالمی معیار کی اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سروس براہِ راست فراہم کر رہے ہیں، جس میں موبائل بیلنس کے ذریعے آسان سبسکرپشن کا طریقہ کار شامل ہے۔

یہ شراکت ہماری ڈیجیٹل طرزِ زندگی کو مزید بہتر بنانے کی جانب ایک اور قدم ہے۔ٹیپ میڈ کی پہچان اس کے متنوع اور خصوصی اسپورٹس مواد کی بدولت ہے۔ یہ پلیٹ فارم ناظرین کو انگلش پریمیئر لیگ، ایشیا کپ، ایم ایم اے، پی ایف ایل، موبل سمیت دنیا بھر کے بڑے ٹورنامنٹس اور لیگوں تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ متعدد لائیو اور آن ڈیمانڈ پروگرامز بھی دستیاب ہیں جو ہر قسم کے اسپورٹس شائقین کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

آنے والے دنوں میں بڑے انٹرنیشنل کرکٹ ٹورز بھی شامل ہوں گے تاکہ بنگلہ دیشی شائقین ایچ ڈی کوالٹی میں براہِ راست ایکشن دیکھ سکیں۔ٹیپ میڈ کے سی او او علی رانا نے کہاکہ بنگلہ دیش ایک تیزی سے ترقی کرتا ہوا مارکیٹ ہے اور یہاں بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ ہمارا ہدف ایک ایسا بین الاقوامی معیار کا اسٹریمنگ تجربہ فراہم کرنا ہے جو مقامی صارفین کی ضروریات اور دلچسپیوں کے مطابق ہو۔

ٹیپ میڈ کے بزنس ڈویلپمنٹ منیجر بنگلہ دیش، عارف آدیتو نے کہاکہ کھیل اور تفریح بنگلہ دیشی عوام کے دلوں کے قریب ہیں۔ گریمن فون کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ہم یہ مواد زیادہ آسانی، بہتر معیار اور قابلِ اعتماد انداز میں ہر جگہ کے ناظرین تک پہنچا رہے ہیں۔تقریبا ایک دہائی سے کامیابی کے ساتھ ترقی کرتے ہوئے ٹیپ میڈ جنوبی ایشیا میں کھیلوں اور تفریحی اسٹریمنگ کے شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کی قیادت کر رہا ہے۔ گریمن فون کے ساتھ یہ اشتراک سرحدوں سے ماورا معیاری اور پریمیم مواد تک رسائی کے نئے دور کا آغاز ہے۔ٹیپ میڈ ایپ گوگل پلے اسٹور اور ایپل آئی او ایس ایپ اسٹور پر دستیاب ہے۔