رینجرز سندھ اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈاینٹی تھیفٹ سیل کاپانی چوری کے خلاف مشترکہ آپریشن،غیر قانونی کنکشن منقطع

پیر 13 اکتوبر 2025 15:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) پاکستان رینجرز (سندھ) اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن اینٹی تھیفٹ سیل نے کراچی کے علاقوں ناظم آباد (بنگش ہوٹل) اور سائیٹ ایریا حبیب بینک چورنگی کے قریب پانی چوری کے خلاف مشترکہ آپریشن کرکے غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیئے ۔پیر کو ترجمان سندھ رینجرزکے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ)کی جانب سے غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس اور پانی چوری جیسے جرائم کی روک تھام کے لئے آپریشن جاری ہے۔

اس ضمن میں ستمبر کے آغاز میں سائیٹ ایریا کے صنعتی علاقے شیر شاہ اور گل بائی کو پانی فراہم کرنے والی 33انچ قطر کی لائن میں پانی کی کمی کی متعد شکایات موصول ہوئیں۔ شکایات سندھ انڈسٹریل ٹریڈ نگ سٹیٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی رپورٹ کی گئیں۔

(جاری ہے)

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے ناظم آباد (بنگش ہوٹل) سے 4انچ قطر کے 4غیر قانونی کنکشن اور برف فیکٹری سائیٹ ایریا نزدحبیب بینک چورنگی سے 6انچ قطر کے3 غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دیئے گئے۔

اِن غیر قانونی کنکشن سے پانی مافیا روزانہ کی بنیاد پر34لاکھ گیلن پانی چوری کر رہاتھاجس سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن کویومیہ 18لاکھ 70ہزارروپے کا نقصان ہو رہا تھا،پانی چوری کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا تھا۔ پانی چوروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ رینجرز کا واٹر اینڈ سیوریج بورڈکارپوریشن کے ساتھ مل کرپانی چوری کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

کراچی کا پانی کراچی کی عوام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔