بھارت سہولت کاروں کے ذریعے پاکستان میں انتشار پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے، احسن اقبال

پیر 13 اکتوبر 2025 23:12

بھارت سہولت کاروں کے ذریعے پاکستان میں انتشار پیدا کرنے کے لیے کوشاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ معرکہِ حق میں شکست کے بعد بھارت کی تمام تر کوششیں یہ ہیں کہ وہ اپنے سہولت کاروں کے ذریعے پاکستان میں اندرونی انتشار پیدا کرے، اس سازش میں فتنہ خوارج کا کردار بھی واضح اور خطرناک ہے،اس وقت ملک کو امن، استحکام اور معاشی بحالی کی ضرورت ہے ، امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر ناقابلِ قبول ہیں۔

پیر کو’’ ایکس‘‘ پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ غزہ میں مکمل جنگ بندی اور امن کے بعد جب فلسطینی خوشی سے سرشار ہیں اور ان کی عسکری تنظیم نے بھی امن معاہدہ کیا ہے، ایسے نازک وقت میں کسی مذہبی گروہ کی جانب سے دو سال تک سوئے رہنے والے افراد کو جذباتی نعرے لگا کر اکسانا اور اسلام آباد مارچ جیسی کالز دینا واضح طور پر انتشار پھیلانے کی سازش ہے، یہ حرکتیں بالآخر بیرونی و داخلی دشمنوں کی سہولت کاری کے مترادف ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر احسن اقبال نے زور دیا کہ آج پاکستان کو امن، استحکام اور معاشی بحالی کی اشد ضرورت ہے، اس لمحے جو بھی عناصر پاکستان کے امن اور استحکام کے ساتھ کھیلتے ہیں وہ درحقیقت قومی مفاد کے خلاف کام کر رہے ہیں اور انہیں کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتشار پھیلانے والی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہ لیں اور ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ملک کا امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صورتِ حال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور متعلقہ ادارے قانون و آئین کے تحت کارروائی کو یقینی بنائیں گے تاکہ عوامی امن و سلامتی میں خلل ڈالنے والے عناصر کو بے نقاب کرکے روکا جا سکے۔