وزیرِاطلاعات آزاد حکومت جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ کا صمود فلوٹیلا قافلے سے واپسی پر آزاد جموں و کشمیر آمد پر پُرتپاک استقبال

پیر 13 اکتوبر 2025 22:48

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) وزیر اطلاعات آزاد حکومت جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ صمودفلوٹیلا قافلے میں شریک پاکستان سے تعلق رکھنے والے شرکاء عزیز نظامی، مولانا خطیب،محمد اسماعیل خان، ڈاکٹر محمد اسامہ کے ہمراہ جب کوہالہ پہنچے تو عوام الناس کی بڑی تعداد نے انکا پُرتپاک استقبال کیا۔پیر محمد مظہر سعید شاہ اور صمود فلوٹیلا کے دیگر شرکاء کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے، آزادی فلسطین اور آزادی کشمیر کے لیے زبردست نعرے بازی کی گئی ۔

اس موقع پر عظیم الشان استقبالیہ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ صمود فلوٹیلا کے شرکائے سفر کا کوہالہ کے بعد چھترکلاس کلیاں، امبور اور چھتر چوک ، پلیٹ اور چہلہ بانڈی مظفرآباد میں سینکڑوں افراد نے استقبال کیا ۔

(جاری ہے)

استقبالیہ ریلی سے کوہالہ کے مقام پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات آزادکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ صمود فلوٹیلا کے لیے روانہ ہونے والے قافلے نے آگ نمرود کے سامنے سنتِ ابراہیمی کا کردار ادا کیا،صمود فلوٹیلا کے قافلے نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کر کے علم ، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو اجاگر کیا ہے ، ہمارا صمود فلوٹیلا کی طرف مارچ کرنے کا مقصد فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرنا تھا ، ہم امت واحد کا پیغام لے کر گئے تھے۔

وزیرِ اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ آج کا یہ اجتماع کسی ذاتی کارنامے کی تشہیر کے لیے نہیں بلکہ جہالت کے خاتمے ، علم ، محبت ، بھائی چارے اور انسانیت کا پیغام کے لیے منعقد ہے، آج کا یہ استقبال کسی خاص جماعت یا فکر کا استقبال نہیں بلکہ اہلیان کشمیر کا فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی و محبت کا مظہر ہے ۔پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ہم تمام مسلمانانِ عالم کے مشکور ہیں، جنہوں نے یک زبان ہو کر فلسطین کا مقدمہ لڑا ، فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ آج امت کا نظریہ کوہالہ کے پہل پر نمایاں نظر آرہا ہے، استقبال کرنے والوں اور صحافی برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، میڈیا کے مثبت اور موثر کردار نے دنیا میں اس امن کے پیغام کو اجاگر کیا،یہاں میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ یہ آج کا یہ استقبال خالص مقبوضہ کشمیر اور مقبوضہ فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکہجہتی کے لیے ہے، ہماری ذات کی کوئی حیثیت نہیں، اصل مقصد امتِ واحدہ کی بیداری اور نظریاتی یکجہتی ہے۔ریلی کے دوران شرکاء نے ’’فلسطین زندہ باد‘‘ اور ’’پاکستان کا مطلب کیا، لا الٰہ الا اللہ‘‘ کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے ۔