مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو بھارت کے چنگل سے چھڑوانے کیلئے صمود فلوٹیلا کی طرح کی تحریک چلا کر انکی حمایت میں بھی نکلیں گے، پیرمحمد مظہر سعید شاہ

پیر 13 اکتوبر 2025 22:16

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) وزیراطلاعات آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو بھارت کے چنگل سے چھڑوانے کے لیے صمود فلوٹیلا کی طرح کی تحریک چلا کر ان کی حمایت میں بھی نکلیں گے ، مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کریں گے ، صمود فلوٹیلا کے قافلے میں 45ممالک کے 500نمائندگان نے اسرائیل کے بدنما چہرے کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا ،صمود فلوٹیلا کے 45 ممالک کے 500افراد پر مشتمل قافلے نے اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا ،آج کی اس استقبالیہ ریلی میں صمود فلوٹیلا کے مسلم اراکین بھی موجود ہیں ، ہم نے صمود فلوٹیلا کے انسانیت دوست قافلے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر اور مقبوضہ فلسطین کے نہتے اور مظلوم مسلمانوں کی آواز کو دنیا بھر میں اجاگر کیا ، تمام بھائیوں ، دوستوں اور بزرگوں کی جانب سے پرتپاک استقبال پر مشکور ہوں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پیر محمد مظہر سعید شاہ نے صمود فلوٹیلا سے واپسی پر استقبالیہ ریلی کے شرکاء سے مختلف مقامات پر خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس قافلے کے سفر کا مقصد اسرائیل کے بھیانک چہرے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا تھا ، فلسطین کے مسلمانوں کے چہرے پر خوشی کے آثار نمودار ہو چکے ہیں، ہم نے امن ، انسانیت اور محبت کا پیغام دیا ہے اور سرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کو دنیا بھر میں اجاگر کیا ہے ، ہم نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کا مقدمہ لڑنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صمود فلوٹیلا کے قافلے کے اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔