سعودی کمپنی کی طرف سے کے الیکٹرک میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے، پاسبان

پیر 13 اکتوبر 2025 20:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد، کراچی کے رہنما سردارذوالفقار، قیوم شعبان اور سجاول خان مروت نے مشترکہ بیان میں سعودی کمپنی کی طرف سے کے الیکٹرک میں سرمایہ کاری کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید کرتے ہیں کہ سعودی کمپنی کی کے الیکٹرک کی خریداری سے کراچی والوں کے لئے بجلی کے مسائل حل ہو جائیں گے۔

ابراج گروپ نے کے الیکٹرک کو تباہ و برباد کردیا اور کارکردگی نیچے چلی گئی۔ تین کروڑ کی آبادی والے صنعتی شہر کو قابل بھروسہ آپریٹر کی ضرورت ہے۔ روشنیوں کے شہر کو اندھیرے میں ڈبونے والے سازشی عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پیپلز پارٹی نے مجرمانہ حد تک کے الیکٹرک کو تحفظ دیا۔

(جاری ہے)

نئے مالکان کے ٹیک اور سے پہلے بین الاقوامی کمپنی کے ذریعے کے الیکٹرک کا صاف و شفاف آڈٹ کیا جائے۔

کے الیکٹرک سے زائد بلنگ کی وصولی کرکے۔رقوم صارفین کو واپس کی جائیں۔ پاکستان میں بین الاقوامی کمپنیوں کو کھلی لوٹ کھسوٹ کی اجازت دینا پاکستان کی خودمختاری پر کاری ضرب ہے۔ انہوںنے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری مفید ہے مگر قومی مفادات، قانونی حدود اور عوامی مفاد کو مجروح کرنے والی کسی بھی شق سے بچا جائے۔ معاہدوں میں ایسی شقیں نہ رکھی جائیں جو پاکستان کی خودمختاری یا عوامی مفاد کو غیر ضروری طور پر متاثر کریں۔

متعلقہ قومی اور صوبائی ریگولیٹری ادارے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور صارفین کے نمائندے اس عمل میں مکمل طور پر شمولیت کریں تاکہ شواہد کی بنیاد پر قانون نافذ ہو اور شفافیت برقرار رہے۔ سیاسی قیادت، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور نئے سرمایہ کار مل کر کراچی کو ایک مؤثر، منصفانہ اور پائیدار بجلی سروس دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ دریں اثناء پی ڈی پی کے رہنما نے امید ظاہر کی کہ نئی شراکت داری کراچی کے دیرینہ مسائل کا حل ثابت ہو گی۔ کے الیکٹرک کے مظلوم صارفین کو انصاف، شفاف خدمات اور قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی جلد میسر آئے گی