وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کا روس کا دورہ ، 14ویں سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل گیس فورم 2025 میں شرکت

پیر 13 اکتوبر 2025 20:50

سینٹ پیٹرزبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے روس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 14ویں سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل گیس فورم 2025 (ایس پی آئی جی ایف) میں شرکت کی اور تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے پاکستانی وفد کی قیادت کی اور اس عالمی سطح کے توانائی فورم میں شرکت کی جہاں دنیا بھر سے توانائی کے رہنما موجود تھے۔

اعلیٰ سطحی سیشن بعنوان ’’گیس مارکیٹ 2025–2035: تیزی سے بدلتے ماحول میں نئے خدوخال‘‘ کے دوران انہوں نے بین الاقوامی شرکاء کو پاکستان کی توانائی کے شعبے میں جامع اصلاحات سے آگاہ کیا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں نافذ کی گئی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور روس نے اہم توانائی کے شعبوں میں شراکت داری کے فروغ کے لئے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔

فورم کے موقع پر متعدد سٹریٹجک ملاقاتیں اس مقصد کو آگے بڑھانے کے لئے منعقد ہوئیں۔ایک اہم ملاقات میں وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے روس کی توانائی کی بڑی کمپنی گیزپروم کے چیئرمین الیکسی ملر سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات نہایت مفید ثابت ہوئی اور دونوں فریقین نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور گیزپروم کے درمیان شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر نے روس جیو ، روسی جیولوجیکل سروے کمپنی، اور اے آئی توانائی کمپنی نیڈرا ڈیجیٹل کے سینئر حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے معدنی اور توانائی وسائل میں روسی سرمایہ کاری کے ٹھوس مواقع پر بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپارسلاں بیرقدار سے بھی ایک نتیجہ خیز ملاقات کی۔وفاقی وزیر نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے آئندہ ایڈیشن میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنے قدرتی وسائل کے شعبے میں عالمی سرمایہ کاری کے لئے ایک اہم مرکز بننے کے لئے پُرعزم ہے۔