Live Updates

پاکستان افغانستان کے خلاف اہم مقابلے کے لئے تیار ہے، نولبرٹو سولانو

پیر 13 اکتوبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) پاکستان فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے اے ایف سی ایشین کپ سعودی عرب 2027 کوالیفائرز میں افغانستان کے خلاف ایک اہم میچ سے قبل ٹیم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، یہ میچ 14 اکتوبر کو کویت میں کھیلا جائے گا۔ پری میچ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے نولبرٹو سولانو نے کہا کہ ٹیم پچھلے میچ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تھوڑے مایوس تھے کہ ہم ہوم گیم میں تین پوائنٹس نہیں لے سکے، خاص طور پر دوسرے ہاف میں جس طرح ہم نے کھیلا، ہم ایک ایسی ٹیم ہیں جو گیند کو اپنے کنٹرول میں رکھنا پسند کرتے ہے لیکن بدقسمتی سے ہم گول نہ کر سکے، یہ سب عمل کا حصہ ہے، یہ نوجوان لڑکے پہلی بار اکٹھے کھیل رہے ہیں اور میں ان کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم کل کے میچ میں بھی اسی جذبے اور جیتنے کی خواہش کے ساتھ اتریں گے، ہماری توجہ تین پوائنٹس لینے پر ہے، یہ فٹ بال ہے، کچھ بھی ہو سکتا ہے، ہمارے پاس نومبر میں شام کے خلاف ہوم میچ اور پھر مارچ میں ایک اور موقع ہو گا لیکن کل کا میچ بہت اہم ہے۔

سولانو نے اس بات کی تصدیق کی کہ ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کی ضرورت نہیں اور تمام کھلاڑی کھیلنے کے لئے تیار ہیں۔ ٹیم کے کپتان عبداللہ اقبال نے بھی کوچ کے خیالات سے اتفاق کیا اور حالیہ کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم نے اس سکواڈ کی صلاحیت دکھائی ہے، ہوم میچ کے بعد ہم مایوس تھے کیونکہ ہمیں لگا کہ ہم تین پوائنٹس حاصل کر سکتے تھے، انشاءاللہ کل ہم یہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

جب ان سے مداحوں کے لئے پیغام کے بارے میں پوچھا گیا تو عبداللہ نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ ہم میدان میں جا کر اپنی پوری جان لگا دیں گے اور انشاءاللہ تین پوائنٹس واپس لے کر آئیں گے۔ پاکستان کی قومی ٹیم افغانستان کے خلاف مقابلہ علی صباح السالم سٹیڈیم، اردیہ، کویت میں کھیلے گی۔ میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے ہو گا۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات