سیاحت پنجاب کاپاکستان کی باہمت اور جرات مند خواتین بائیکرز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے دو روزہ رنگا رنگ “پتریاٹہ کیمپنگ گالا” منعقد کرنے کا اعلان

پیر 13 اکتوبر 2025 23:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) سیاحت پنجاب نے پاکستان کی باہمت اور جرات مند خواتین بائیکرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دو روزہ رنگا رنگ “پتریاٹہ کیمپنگ گالا” منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ تقریب 18 اور 19 اکتوبر کو صوبہ پنجاب کے خوبصورت ترین سیاحتی مقام پتریاٹہ (روف ٹاپ آف پنجاب) میں منعقد ہو گی۔ اس ایونٹ کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، ان کے جذبہ ایڈونچر کو فروغ دینا اور پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔

ملک بھر سے خواتین بائیکرز کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ ان کے حوصلے، کردار اور ایڈونچر کے جذبے کو سراہا جا سکے۔ محکمہ سیاحت پنجاب کے مطابق دو روزہ گالا میں شرکاء کو جنگلات کے حسین ماحول میں کیمپنگ اور تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں میوزیکل نائٹ، بار بی کیو، بون فائر، مووی نائٹ، چیئر لفٹ اور کیبل کار رائیڈ، گالف کارٹ ٹور، ٹری ہاؤس وزٹ، جنگل واک اور ٹریکنگ جیسی دلچسپ سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اس موقع پر خواتین بائیکرز کو ان کی خدمات اور ایڈونچر کے جذبے کے اعتراف میں تعریفی اسناد بھی پیش کی جائیں گی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری سیاحت حکومت پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ ہوں گے جن کی شرکت خواتین کی سماجی و سیاحتی سرگرمیوں میں بڑھتی ہوئی شمولیت کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔ یہ ایونٹ سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی خصوصی ہدایت اور رہنمائی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

محکمہ سیاحت پنجاب کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے مزید رنگا رنگ پروگرام صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر منعقد کیے جائیں گے تاکہ پنجاب اور پاکستان میں سیاحت کے فروغ کو نئی جہت دی جا سکے۔ پتریاٹہ کے قدرتی مناظر، دلکش موسم اور متنوع تفریحی سرگرمیوں سے سجا یہ کیمپنگ گالا خواتین بائیکرز کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہو گا۔