ابھیشک بچن نے 25 سالہ کیریئر میں پہلی بار بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ جیت لیا

اس سال میرے فلمی سفر کے 25 سال مکمل ہو گئے ہیں اور مجھے یاد نہیں کہ کتنی بار میں نے یہ ایوارڈ جیتنے کی تقریر کی تیاری کی تھی،ابھیشک

منگل 14 اکتوبر 2025 10:35

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) بالی وڈ اداکار ابھیشیک بچن نے اپنے 25 سالہ کیریئر میں پہلی بار بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ جیت لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کو 70ویں فلم فیئر ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ابھیشیک بچن نے بہترین اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ ابھیشیک بچن کو یہ ایوارڈ 2024 کی فلم "I Want To Talk" میں شاندار اداکاری پر دیا گیا۔

اپنی 25 سالہ فلمی کریئر میں ابھیشیک نے پہلی بار بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا ہے۔اس موقع پر ابھیشیک بچن جذباتی نظر آئے۔ اسٹیج پر آکر اداکار نے اپنے خاندان، خاص طور پر اپنی اہلیہ ایشوریا رائے بچن ، بیٹی اور والدین کا شکریہ ادا کیا۔ایوارڈ جیتنے کے بعد ابھیشیک نے اپنی تقریر میں کہا کہ اس سال میرے فلمی سفر کے 25 سال مکمل ہو گئے ہیں اور مجھے یاد نہیں کہ کتنی بار میں نے یہ ایوارڈ جیتنے کی تقریر کی تیاری کی تھی۔

(جاری ہے)

یہ ہمیشہ میرا خواب رہا ہے۔ میں بہت خوش اور شکر گزار ہوں کہ یہ ایوارڈ مجھے اپنی فیملی کے سامنے ملا۔ یہ لمحہ میرے لیے بے حد خاص ہے۔ابھیشیک نے فلم انڈسٹری کے اپنے تمام ساتھیوں، ہدایت کاروں اور پروڈیوسروں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان پر اعتماد کیا اور مواقع فراہم کیے۔انہوں نے کہاکہ ان 25 سالوں میں یہ سفر آسان نہیں تھا، لیکن یقینی طور پر قابلِ فخر رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اپنی تقریر کے اختتام پر ابھیشیک نے اپنی بیوی اور بیٹی کے نام ایک جذباتی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایشوریا اور آرادھیا کا شکریہ، جنہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور مجھے اپنے خواب پورے کرنے کی آزادی دی۔ یاد رہے کہ ابھیشیک بچن نے سن 2000 میں فلم'ریفیوجی' سے بالی وڈ ڈیبیو کیا تھا۔