قائد اعظم ٹرافی دوسراراؤنڈ ، کراچی بلیوز نے ملتان کو شکست دے دی

منگل 14 اکتوبر 2025 18:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) قائد اعظم ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ میں کراچی بلیوز نے ملتان کو شکست دے دی۔ تیسرے روز کے کھیل کی خاص بات مہران ممتاز کی پہلی فرسٹ کلاس سنچری اور سعد خان کی ڈبل سنچری رہی۔ ثاقب خان اور زاہد محمود نے چھ ، چھ جبکہ خالد عثمان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ پی سی بی کے مطابق مرغزار گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کراچی بلیوز نے ملتان کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔

فاتح ٹیم نے 100 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پہلی اننگز میں 154 رنز بنانے والے سعد بیگ دوسری اننگز میں بھی 65 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل ملتان کی ٹیم پہلی اننگز میں 272 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ شرون سراج نے 96 اور وقار حسین نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

کراچی بلیوز کے ثاقب خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔

شعیب اختر اسٹیڈیم میں بہاولپور نے اسلام آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 463 رنز بنا لئے۔ سعد خان نے شاندار ڈبل سنچری سکور کی اور وہ 204 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ مبصر خان 72، محمد عالمگیر 58 اور عمران رندھاوا 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں لاہور وائٹس کی ٹیم ایبٹ آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 500 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

علی زریاب آصف نے 199 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ حسین طلعت نے 77 رنز بنائے۔ ایبٹ آباد کے خالد عثمان نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ایبٹ آباد نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 35 رنز بنا لئے۔ سیالکوٹ کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 416 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ مہران ممتاز نے اپنی پہلی فرسٹ کلاس سنچری سکور کی اور 125 رنز بنائے، عماد بٹ نے 72 اور اذان اویس نے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔

فیصل آباد نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 38 رنز بنا لئے۔ ایک اور میچ میں پشاور کی ٹیم فاٹا کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 295 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ افتخار احمد 75، محمد حارث 59 اور اسرار اللہ 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فاٹا کے زاہد محمود نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ فاٹا کو میچ جیتنے کے لیے 256 رنز کا ہدف ملا ہے اور کھیل ختم ہونے پر اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنائے تھے۔