امریکہ کی جانب سے عائد ٹیرف سے بھارتی ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 50فیصد کمی ہوئی، رپورٹ

منگل 14 اکتوبر 2025 19:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) ایک سروے میں کہاگیاہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے بھارتی مصنوعات پر 50فیصد ٹیرف عائد کئے جانے کے بعدبھارت کے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے برآمد کنندگان کو اپنے امریکی کاروبار میں 50فیصد کمی کا سامنا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کنفیڈریشن آف انڈین ٹیکسٹائل انڈسٹری (CITI)نے بتایاکہ سروے میں جواب دہندگان میں سے تقریباً ایک تہائی نے کہا ہے کہ ان کے امریکی کاروبارمیں 50فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے۔

ان میں سے تقریباً 85فیصد نے بتایاکہ نئے آرڈرز کم ہوئے ہیں۔ بھارتی اخبار’’فنانشل ایکسپریس‘‘ نے رپورٹ کیا کہ سروے سے پتہ چلا ہے کہ تقریباً دو تہائی برآمد کنندگان کو مسابقتی رہنے کے لیے 25 فیصد تک کی چھوٹ کی پیشکش کرنی پڑی ہے جبکہ 82 فیصد ٹیرف کی وجہ سے سپلائی چین میں توسیع شدہ کریڈٹ سائیکلوں سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

سی آئی ٹی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ ان میں سے نصف سے زیادہ برآمد کنندگان نے بتایا کہ کریڈٹ کی مدت 3سے 6 ماہ تک بڑھ گئی ہے جس سے لیکویڈیٹی پر کافی دبائو پڑا ہے۔

اس کے علاوہ تقریباً 40 فیصد نے سیکٹر پر بڑھتے ہوئے مالیاتی بوجھ کی نشاندہی کرتے ہوئے ورکنگ کیپٹل کی ضروریات میں 30فیصد سے زیادہ اضافے کا اشارہ دیا۔بھارت کی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی مجموعی برآمدات میں امریکہ کا حصہ 28فیصد ہے جو اسے صنعت کے لیے سب سے بڑی منڈی بناتا ہے۔ گزشتہ مالی سال امریکہ کوبھارتی برآمدات 11ارب ڈالر کی تھیں جو امریکی منڈی پر اس شعبے کے انحصار کو نمایاں کرتی ہے۔