Live Updates

انسداد دہشت گردی عدالت کا علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

طلبی کے باوجود بار بار پیش نہ ہونا عدالتی امور میں رکاوٹ کے مترادف ہے، عدالت نے حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی

منگل 14 اکتوبر 2025 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔تھانہ صادق آباد میں درج 26نومبر ڈی چوک احتجاج کیس کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تھانہ صادق آباد احتجاج کیس میں آج علیمہ خان پر فرد جرم عائد ہونا تھی، تاہم علیمہ خان عدالت میں پیش نہیں ہوئیں جس پر عدالت نے حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی اور وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے علیمہ خان کو گرفتار کرکے (آج )بدھ 15اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ طلبی کے باوجود بار بار پیش نہ ہونا عدالتی امور میں رکاوٹ ڈالنا ہوتا ہے۔

عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے آرڈرز فوری تفتیشی آفیسر کو فراہم کرنے کا حکم دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے ساتھ پولیس ٹیم اڈیالہ جیل جائے گی۔ علیمہ خان توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ رہی ہیں۔ جیل سماعت کے بعد علیمہ خان کی گرفتاری یا وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات