لاہورپولیس کے شہدا کی16ویں برسی کی تقریب،چاق و چوبند دستے نے شہدا کوسلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

بدھ 15 اکتوبر 2025 11:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) مناواں پولیس ٹریننگ سکول اورایف آئی اے بلڈنگ پر خودکش حملے کے شہدا کی16ویں برسی پر لاہور پولیس نے شہدا کوخراج ِ عقیدت پیش کیا ، پولیس گارڈز نے انسپکٹررانا فاروق، سب انسپکٹرمحمد اسلم اورسب انسپکٹرمحمد انور کی قبور پر حاضری دی،چاق و چوبند دستے نے شہدا کوسلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ،اس موقع پر شہدا کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

ترجمان پولیس کےمطابق لاہور پولیس کے یہ جانباز15اکتوبر2009 کے خودکش حملوں میں شہید ہوئے، سب انسپکٹرمحمد اسلم اورسب انسپکٹرمحمد انور مناواں پولیس ٹریننگ سکول پرخودکش حملے جبکہ انسپکٹر رانا فاروق نے ایف آئی اے بلڈنگ پر خودکش حملے میں جام ِ شہادت نوش کیا۔

(جاری ہے)

سی سی پی اولاہوربلال بلال صدیق کمیا نہ نے اس موقع پر کہاکہ لاہور پولیس کی تاریخ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے جانثاروں سے بھری پڑی ہے، ہمارے342 افسران و اہلکاروں نے فرض کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کیں، پاکستان کے قیام، بقا اور سا لمیت میں شہدا اور غازیوں کا لہو شامل ہے ۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہدائے پولیس کے بچوں کی تعلیم،صحت و دیگر معاملات کو احسن طریقے سے نبھایا جا رہا ہے، محکمہ پولیس زندگی کے ہر موڑ پرشہدا کے اہل ِ خانہ کے شانہ بشانہ موجود رہے گا۔