آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے 93 ویں یومِ تاسیس پر سمعیہ ساجد کا خراجِ تحسین اور عزمِ استقامت

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:44

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے 93 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ ، ٹکٹ ہولڈر ویلی 6سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس تحریکِ آزادی کشمیر کی وارث جماعت ہے جس نے ہر دور میں کشمیری عوام کے سیاسی تشخص، ملی وحدت اور الحاقِ پاکستان کے نظریے کی پاسداری کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اس جماعت کے بانیوں اور کارکنان کی عظیم جدوجہد، قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں تحریکِ آزادی کشمیر کے نام وقف کر دیں۔سمعیہ ساجد نے کہا کہ مسلم کانفرنس ہمیشہ سے ہی مہاجرین جموں و کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے ، قائد اعظم محمد علی جناح کے دستخطوں سے مہاجرین جموں و کشمیر کی آباد کاری کے لیے کمیٹی قائم کی گئی ، جس کے سربراہ مسلم کانفرنس کے صدر چوہدری غلام عباس تھے جبکہ اس کمیٹی کے ممبران پاکستان کے صوبوں کے گورنرز تھے ، جبکہ 1970میں مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان نے اس وقت کے صدرجنرل محمد یحیٰ خان سے دوہرے ووٹ کا حق ولوایا اور مہاجرین کی سیٹوں میں اضافہ بھی کروایا ۔

(جاری ہے)

مسلم کانفرنس نے تحریکِ آزادی کے ہر مرحلے پر رہنمائی کا کردار ادا کیا اور کشمیری عوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم تجدیدِ عہد کرتے ہیں کہ جب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی نصیب نہیں ہو جاتی اور ریاستِ جموں و کشمیر کا مکمل الحاق پاکستان کے ساتھ عمل میں نہیں آتا، ہماری سیاسی، تحریکی اور نظریاتی جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے اسلاف کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے تاریخی اور تاسیسی اجتماع میں کشمیریوں کے لئے واضح منزل کا تعین کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے اپنے قیام سے لیکر آج تک ریاست کے نظریاتی اور سیاسی تشخص کو قائم رکھنے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کی۔ ریاست کے تشخص کے خلاف اندرون اور بیرون بہت بڑے بڑے طوفان آتے رہے لیکن مسلم کانفرنس کو یہ طوفان اپنے راستے سے نہیں ہٹاسکے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے اپنے قیام کے بعد رئیس الا حرار قائد ملت چوہدری غلام عباسؒ کی قیادت میں 19جولائی 1947کو قرارداد الحاق پاکستان کی شکل میں کشمیریوں کیلئے ایک واضح نصب العین کا تعین کیا اور پھر 1970کی دہائی میں مجاہد اول سردارمحمد عبد القیوم خان نے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کا نعرہ دیکر قوم کی فکری و نظریاتی رہنمائی کی جس کو کارکنا ن آج بھی صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں کامیابی کے ساتھ اپنا تاریخی کردار ادا کر رہی ہے۔ سمعیہ ساجد نے کہا کہ مسلم کانفرنس اپنے قیام سے آج تک تسلسل کے ساتھ آزادی اور تکمیل پاکستان کی جدو جہد میں مصروف ہے۔