Live Updates

پاک سعودیہ تزویراتی شراکت داری خوش آئند ہے ، وزیرخزانہ

برادر ملک ایم 6 موٹروے، ایم ایل ون، سکل ڈویلپمنٹ اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں شمولیت کرے،محمداورنگزیب

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:05

پاک سعودیہ تزویراتی شراکت داری خوش آئند ہے ، وزیرخزانہ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تزویراتی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ ایم 6 موٹروے، ایم ایل ون، سکل ڈویلپمنٹ اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سعودی عرب کی شمولیت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز واشنگٹن ڈی سی میں عالمی بینک اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان عبدالرحمٰن المِرشًد سے ملاقات میں کہی۔

وزیرخزانہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کوسراہا اور سعودی عرب کی جانب سے تیل کی موخرادائیگی کی سہولت پراظہارتشکرکیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید تعاون کیلئے حیدرآباد-سکھر موٹر وے (ایم 6)،ایم ایل ون، سکل ڈویلپمنٹ اور آئی ٹی انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں سعودی عرب کی شمولیت کی درخواست کی اور ڈیجیٹل پاکستان ایجنڈا کے لیے سعودی فنڈ کی حمایت کو خوش آئند قرار دیا۔

وزیرخزانہ نے امریکی صدرکے معاون برائے بین الاقوامی معاشی امور ایموری کاکس،سینئر ڈائریکٹر برائے جنوبی و وسطی ایشیا ریکی گل اور وائٹ ہاؤس کونسل آف اکنامک ایڈوائزرز کے قائم مقام چیئرپرسن پیری یارڈ سے تفصیلی ملاقات کی۔انہوں نے جولائی میں امریکی سیکرٹری تجارت ہاورڈ لٴْٹنک اور یو ایس ٹی آر سفیر سارہ گریئر سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تجارت کے میدان میں ابھرنے والے اتفاقِ رائے کو جامع معاشی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں توانائی، معدنیات، زراعت، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے پاکستان میں مون سون بارشوں کے باعث سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر امریکا کی جانب سے اظہارِ ہمدردی پر شکریہ ادا کیا۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈکے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائیجل کلارک سے ملاقات میں وزیرِ خزانہ نے پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی کو سراہنے پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت استحکام اور اصلاحات کے جاری عمل کو برقرار رکھے گی۔

انہوں نے توسیعی فنڈسہولت اور ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے تحت معاونت پر آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کیا۔گروپ 24 کے وزرائے خزانہ اور گورنرز کے اجلاس سے خطاب میں وزیرِ خزانہ نے پاکستان میں کلی معیشت کے استحکام میں ہونے والی پیش رفت پرروشنی ڈالی اورکہاکہ ٹیکس، توانائی اور سرکاری اداروں میں ڈھانچہ جات سے یہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

انہوں نے علاقائی تجارتی راہداریوں اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔جیفریز انٹرنیشنل کی جانب سے منعقدہ سرمایہ کاروں کے اجلاس میں وزیرِ خزانہ نے شرکا کو پاکستان کی معاشی صورتحال، مالی وزری پالیسیوں، بیرونی شعبے کی حرکیات اور آئی ایم ایف کے ساتھ جاری شراکت پر بریفنگ دی۔ انہوں نے ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، نجکاری کے منصوبوں اور برآمدات میں اضافے کے لیے حکومتی ٹیرف پالیسی پر روشنی ڈالی۔

اجلاس کے آخر میں سرمایہ کاروں کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔عالمی بینک کے نائب صدر برائے مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقا، افغانستان و پاکستان عثمان دیون سے ملاقات میں سینیٹر محمد اورنگزیب نے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے موثر نفاذ کے لیے حکومتِ پاکستان کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے ایک جامع عملدرآمدی منصوبہ تیار کیا جا چکا ہے جس میں صوبائی حکومتوں کی مکمل مشاورت شامل ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کی موسمیاتی لچک کو مضبوط بنانے کے لیے طویل المدتی فلڈ مِٹیگیشن پروگرام کے لیے معاونت کی درخواست بھی کی۔مشرق بینک کے گروپ سی ای او احمد عبدالعال اور اعلیٰ انتظامیہ سے ملاقات میں وزیرِ خزانہ نے پاکستان اور اس عالمی شہرت یافتہ مالیاتی ادارے کے دیرینہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے بینک کے پاکستان میں باقاعدہ تجارتی آغاز پر انتظامیہ کو مبارکباد دی اور یقین ظاہر کیا کہ مشرق بینک کی آمدسے مالیاتی نظام میں جدت لانے اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے میں مددملے گی۔

وزیرِ خزانہ نے عالمی بینک کے زیر اہتمام مشین ایگری کنیکٹ فارمز، فرمز اینڈ فنانس فار جابز ڈائیلاگ میں بھی شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستان کی معیشت میں زراعت کے مرکزی کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے خریداری اور قیمتوں کے حکومتی کنٹرول میں کمی کی سفارش کی اور کاشتکاروں کے لیے رعایتی قرضوں، فسٹ لاس گارنٹیز اور بغیر ضمانت فنانسنگ جیسے اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے کولڈ چین، ویئرہاؤسنگ اور ہارٹیکلچر ویلیو ایڈیشن میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیرِ خزانہ نے عالمی بینک کے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک میں موسمیاتی لچک اور کاربن میں کمی پر توجہ کو سراہتے ہوئے صدر اجے بنگا کی اس تجویز کی تائید کی کہ کامیاب ماڈلز سے سبق حاصل کیا جائے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات