صدر سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل کی ملاقات

امید ہے آڈیٹر جنرل کا دفتر قومی مفاد میں اعلیٰ معیار کے احتساب کو برقرار رکھے گا، آصف زر داری

بدھ 15 اکتوبر 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے مالی شفافیت، احتساب اور گڈ گورننس کے فروغ میں آڈیٹر جنرل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آڈیٹر جنرل کا آئینی کردار ملکی مالی نظم و ضبط کو مستحکم کرنے میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے، آڈیٹر جنرل کے ادارے کا مالی وسائل کے مؤثر استعمال اور نظام کی بہتری میں اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ہدایت کی کہ محکمہ اندرونی اصلاحات اور کارکردگی میں بہتری کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے۔صدر مملکت نے زور دیا کہ آڈٹ رپورٹس پر مؤثر عملدرآمد اور بروقت اصلاحی اقدامات سے کرپشن اور مالی بے ضابطگیاں کم کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی بہترین طریقہ کار اور جدید ٹیکنالوجی، بشمول مصنوعی ذہانت، اپنانے سے شفافیت میں اضافہ ممکن ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مالی شفافیت، مؤثر طرزِ حکمرانی اور پیشہ وارانہ دیانت کی ضرورت آج پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔صدر مملکت نے یقین ظاہر کیا کہ آڈیٹر جنرل کا دفتر قومی مفاد میں اعلیٰ معیار کے احتساب کو برقرار رکھے گا۔